سرکاری محکموں و عمارتوں پر ہندی کے ساتھ اردو میں لکھنے کے متعلق مکتوبات کو نافذ کرنے کے لئے محمد رفیع نے وزیر اعلیٰ کو لکھا خط

اردو سے متعلق ہدایت نامہ آفس کے فائل میں کاغذ کے ایک ٹکڑا سے زیادہ حیثیت نہیں رکھتی : محمد رفیع

پٹنہ، 20/ نومبر، پرنسپل سیکریٹری کیبنیٹ سیکریٹریٹ کا مکتوب نمبر 536 مورخہ 30 مئی 2018، ایڈیشنل سیکریٹری کا مکتوب 872 مورخہ 20 اکتوبر 2021، ایڈیشنل سیکریٹری کیبنیٹ سیکریٹریٹ، حکومت بہار کا مکتوب 36 مورخہ 28 جنوری 2020، ڈائریکٹر اردو ڈائیریکٹ، کیبنیٹ سیکریٹریٹ شعبہ بہار، پٹنہ کا مکتوب نمبر 517 مورخہ 22 جون 2022 کو کلی طور پر نافذ کرنے کے لئے قومی اساتذہ تنظیم بہار کے ریاستی کنوینر و آزاد صحافی محمد رفیع نے وزیر اعلی بہار سے مکتوب کے ذریعہ یہ کہا ہے کہ حکومت بہار اردو زبان کی ترویج و اشاعت کو لے کر کافی سنجیدہ ہے اسی کا نتیجہ ہے کہ حکومت کے افسران مکتوب جاری کرتے ہیں لیکن اس پر عمل نہیں ہو پا رہا ہے جس کی وجہ سے مجھے ان مکتوبات پر عمل درآمد کرانے کے لئے آپ کو مکتوب ارسال کرنا پڑا ہے۔ مکتوبات میں سیکریٹریٹ سے لے کر تمام محکموں و اضلاع کے افسران کو یہ ہدایت دی گئی ہے کہ تمام سرکاری کاموں میں بہار کی دوسری سرکاری زبان کو ترجیح دی جائے۔ کافی وقت سے میں اس موضوع و دیگر موضوعات پر گفتگو کے لئے معزز و محترم وزیر اعلی بہار جناب نتیش کمار سے ملاقات کرنا چاہ رہا تھا، ناکام ہونے پر مکتوب کے ذریعہ اردو زبان کے ساتھ ہو رہے غیر منصفانہ رویہ سے انہیں واقف کرانے کی کوشش کی ہے۔ جناب رفیع نے بتایا کہ مذکورہ بالا مکتوبات کی روشنی میں ہندی کے ساتھ ساتھ بہار کی دوسری سرکاری زبان اردو میں بھی دفاتر اور مختلف شاخوں/ سیلوں کے نام، سائن بورڈز، عہدیداروں کے نام کی تختیاں، جانشینی کی تختیاں، سرکاری اسکیموں کے بینرز، افتتاحی تختیاں، سڑکوں کے نام، عوامی عمارتوں وغیرہ کے ساتھ سرکاری دعوت نامہ ہندی کے ساتھ اردو میں بھی شائع کرنے کا حکم ملا ہے۔ اس کے علاوہ محمد رفیع نے مزید کہا کہ حکومت کی زبان کی پالیسی کے تحت، بہار سرکاری زبان (ترمیمی) ایکٹ 1981 (بہار ایکٹ – 2، 1981) کے سیکشن-3 کے ذریعے اردو کو پوری ریاست میں دوسری سرکاری زبان کا درجہ حاصل ہے۔ آپ کی حکومت اس کے کامیاب نفاذ، فروغ اور پیش رفت کے لئے پوری طرح پرعزم ہے۔ مذکورہ ایکٹ کی روشنی میں، ریاستی سطح پر کیبنٹ سیکریٹریٹ ڈپارٹمنٹ کی طرف سے وقتاً فوقتاً جاری کردہ نوٹیفیکیشنز/ قراردادوں کے ذریعے تعمیل کے لیے ہدایات دی گئی ہیں۔ مذکورہ بالا کی تعمیل کو یقینی بنانے کے لیے، معزز ہائی کورٹ، پٹنہ نے LPA-CWJC نمبر 25764/2013 میں 06/01/2014 کو ایک فیصلہ بھی پاس کیا ہے۔ لیکن بدقسمتی سے آپ کے یا اوپر دیئے گئے احکامات کی تعمیل نہیں ہو رہی ہے۔ آپ کے دفاتر، سیکریٹریٹ، ڈسٹرکٹ ہیڈ کوارٹرز، بلاک ہیڈ کوارٹرز اور محکمہ تعلیم میں اس پر عمل نہیں ہو رہا ہے۔ جناب رفیع نے افسوس ظاہر کیا کہ یہ ہدایت نامہ آفس کے فائل میں کاغذ کے ایک ٹکڑا سے زیادہ حیثیت نہیں رکھتی ہے۔ دور دراز کے اضلاع و بلاک دفاتر کو چھوڑ بھی دیں تو ہم سرکار کے ناک تلے سیکریٹریٹ میں ہی دیکھتے ہیں کہ کس طرح اردو دوست وزیر اعلی بہار جناب نتیش کمار کی موجودگی میں اردو کا جنازہ نکل رہا ہے کہ نام کی ایک بھی تختی پر اردو زبان کا نشان تک نہیں دکھتا ہے۔ گزشتہ دنوں اس سلسلے میں میں نے محترم معزز وزیر اعلی کو مکتوب بھی ارسال کیا تھا لیکن اس کا کوئی اثر نہیں ہوا جبکہ وزیر اعلی غیر اردو داں کو بھی اردو زبان کی تعلیم دینے و سرکاری عمارتوں کا نام ہندی کے ساتھ اردو میں بھی لکھنے کی ہدایت عوامی مجلسوں کے ذریعہ دیتے رہتے ہیں۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے