"معاشرے کی تعمیر کے لیے عورتوں کی ذہنی صحت ضروری ہے۔”: رحمت النساء ( آل انڈیا سیکریٹری برائے خواتین جماعت اسلامی ہند)

” جماعتِ اسلامی ہند حلقۂ خواتین ممبئی میٹرو کی جانب سے راحت کاؤنسلنگ سینٹر کا تعارفی پروگرام”

ممبئی: آج 7 دسمبر 2024 کو حلقہ آفس دار الفیض مدنپورہ، ممبئی میں جماعت اسلامی ہند حلقۂ خواتین ممبئی میٹرو کے زیر اہتمام راحت کاؤنسلنگ سینٹر کے تعارفی پروگرام کا انعقاد کیا گیا۔ پروگرام کا عنوان "ذہنی تناؤ سے صحت کی طرف: چیلنجز اور حل” تھا، جو دوپہر 3 بجے سے شام 5 بجے تک جاری رہا۔

پروگرام کا آغاز سورہ الضحیٰ کی تلاوت سے ہوا، جس کے بعد حلقہ مہاراشٹر کی سیکریٹری ساجدہ پروین نے افتتاحی کلمات میں خواتین کی ذہنی صحت کو سنگین مسئلہ قرار دیا اور اس کے حل پر زور دیا۔

کلینیکل سائیکولوجسٹ شائستہ اور ماہر نفسیات ڈاکٹر ناہید دوے نے خواتین میں ذہنی امراض کے اسباب اور ان کے علاج پر روشنی ڈالی۔ انہوں نے ڈپریشن اور بے چینی جیسے مسائل پر قابو پانے کی تکنیکوں پر گفتگو کی۔

چترا لکشمن نے ودیا وردھانی فاؤنڈیشن ٹرسٹ کے ذریعے ذہنی امراض کے مریضوں کو وقار بخشنے کی کوششوں کو اجاگر کیا، جبکہ حلقۂ خواتین آل انڈیا کی سیکریٹری شائستہ رفعت نے دماغی صحت کے مسائل کو بنیادی توجہ دینے کی ضرورت پر زور دیا۔

ممبئی میٹرو ناظمہ ممتاز نے راحت کاؤنسلنگ سینٹر کے قیام کا مقصد بیان کرتے ہوئے کہا کہ کووڈ-19 کے بعد ذہنی صحت کے مسائل میں شدت آئی ہے اور یہ سینٹر خواتین کو محفوظ اور پُرامید ماحول فراہم کرے گا۔

صدارتی خطاب میں

رحمت النساء( آل انڈیا سیکریٹری برائے خواتین جماعت اسلامی ہند) نے کہا: "عورتوں کو بااختیار بنانے کے نام پر ان پر دوہرا بوجھ ڈال دیا گیا ہے، جو ان کے نفسیاتی مسائل کی وجہ بن رہا ہے۔ ہمیں ایک بہتر معاشرے کی تعمیر کے لیے ان مسائل کو حل کرنا ہوگا۔”

   پروگرام میں مختلف این جی اوز کی تقریباً 60 خواتین شریک ہوئیں، جبکہ نظامت سعدیہ نے انجام دی۔ اس موقع پر راحت کاؤنسلنگ سینٹر کو باقاعدہ لانچ کیا گیا اور حاضرین میں بروشرز تقسیم کیے گئے۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے