آندھراپردیش: اس وقت پوری دنیا میں سب سے زیادہ پریشان مسلم امت فلسطین میں ہیں جہاں تقریباً پچھلے ایک سال سے وہاں کے لوگوں پر اسرائیلیوں نے زمین تنگ کردی ہے، اور پوری دنیا کے انسان اس ظلم و ستم کو دیکھ رہے ہیں ،خود عرب ممالک سعودی عرب، کویت ، قطر سب تماشائی بنے ہوئے ہیں اور ایسا اس وجہ سے ہے کہ ہمارے تمام مسلم ممالک آپس میں ہی دست و گریباں ہیں اسی وجہ سے امریکا کے بحری بیڑے ان تمام مقام براجمان ہیں ۔
ان باتوں کا اظہار خیال ملک کے مقتدیٰ ومشہور عالم دین حضرت مولانا سید معصوم ثاقب صاحب مدظلہ العالی نے آج جامعہ نعمانیہ قاضی پیٹ وی کوٹہ (آندھرا پردیش) میں اپنے خطاب میں فرمایا، آئندہ 15/دسمبر2024/ء، کو "کڑپہ”(آندھرا پردیش)میں ایک عظیم الشان "تحفظ آئین ہند و قومی یکجہتی”پروگرام ہونے جارہا ہے جس میں ملک کے سب سے قدیم و فعال تنظیم جمعیۃ علماء ہند کے روح رواں ،جانشین شیخ الاسلام حضرت اقدس مولانا سید ارشد مدنی صاحب دامت برکاتہم العالیہ تشریف لائیں گے ،اور حضرت والا دامت برکاتہم العالیہ تحفظ آئین ہند و قومی یکجہتی سے متعلق خطاب فرمائیں گے۔
حضرت مولانا مفتی معصوم ثاقب صاحب نے اُسی پروگرام کو کامیاب بنانے کے لئے پچھلے کئی ہفتوں سے پورے آندھرا پردیش میں دورہ کررہے ہیں ،اسی غرض سے آج جامعہ نعمانیہ قاضی پیٹ وی کوٹہ بعد نماز مغرب تشریف لائے، جہاں وی کوٹہ منڈل اور کپم منڈل کے علماء عظام ،ائمہ کرام اور عمائدین شہر و اکناف اور دل گردہ رکھنے والے ہزاروں کی تعدادمیں مسلمان قبیل مغرب آچکے تھے ۔
بعد نماز مغرب متصلا جامعہ کے ہونہار طالب علم مولوی سید محمد طیب سلمہ نے لحن داؤدی میں قرآن مجید کی تلاوت سے پروگرام کا آغاز کیا، اس کے بعد جامعہ کے ہی سابق طالب علم اور نائب امام مکہ مسجد قاری محمد ابراھیم صاحب نے اپنی پرسوز آواز میں مدحت رسول ﷺ کرکے سامعین کے دلوں میں محبت رسول جاگزیں کی ، بعدہ استقبالیہ کلمات جامعہ نعمانیہ کے بانی و مہتمم حضرت مولانا سید ظہیر صاحب قاسمی مدظلہ العالی نے پیش کئے اور پھر اخیر میں بحیثیت مہمان خصوصی حضرت مولانا سید مفتی معصوم ثاقب صاحب مدظلہ العالی کا مفصل خطاب ہوا جس میں حضرت والا نے سب سے پہلے فلسطین سے متعلق اور پھر اپنے ملک سے متعلق ملکی حالات پر گفتگو فرمائے، نیز کڑپہ میں ہونے والے عظیم الشان تحفظ آئین ہند و قومی یکجہتی پروگرام میں شرکت کرنے والوں کا نام اندراج کیا گیا جس میں وی کوٹہ اور کپم اور اس کے اطراف کے تقریباً تین ہزار سے زائد لوگوں نے اپنا نام اندراج کرایا۔
اخیر میں وی کوٹہ کے قدیم عالم دین حضرت مولانا محمد جابر صاحب معدنی مدظلہ العالی کی پرسوز دعا پر یہ پروگرام اختتام پذیر ہوا۔
پروگرام کے نظامت کا فریضہ جامعہ کے استاذ مفتی ابو بکر صدیق صاحب قاسمی نے انجام دیا، اس موقع پر کپم شہر کے مشہور عالم حضرت مولانا مفتی مزمل صاحب مفتاحی ،جامعہ کے نائب مہتمم حضرت قاضی مولانا مبارک صاحب قاسمی ،مولانا جابر صاحب معدنی وغیرہ ڈائس پر جلوہ افروز رہے۔
پروگرام کو کامیاب بنانے میں جامعہ کے تمام ہی اساتذہ کرام ،اسی طرح شہر وی کوٹہ کے نوجوانوں نے بڑھ چڑھ کر حصہ لیا ،اللہ تعالیٰ ان تمام کو اس کا بہتر اجر عطا فرمائے ۔
الحمدللہ! بعد عشاء آئے ہوئے تمام ہی مہمان کام و دہن شاد کرنے کے بعد اپنے گھروں کو رخصت ہوئے ۔
رپورٹ: ابو معاویہ ندوی قاسمی