فرخ آباد (یاسر قاسمی)جمیعت علماء فرخ آباد کے صدر مفتی معظم علی مظاہری اور جنرل سکریٹری مولانا ثناء الدین قاسمی کی قیادت میں ضلعی عہدیداران نے صدر جمہوریہ کو مکتوب ارسال کرکے تری پورہ میں امن بحالی اور قصورواروں کے خلاف سخت کارروائی کیے جانے کا مطالبہ کیا ہے۔جمعرات کے روز سٹی مجسٹریٹ کے توسط سے صدر جمہوریہ کو بھیجے گئے مکتوب میں کہا گیا کہ گزشتہ کئی دنوں سے صوبہ تریپورہ میں مسلمانوں کی مساجد، مکانات اور کاروباری اداروں پر حملے اور آتش زنی کی جارہی ہے، جو کہ قابل مذمت ہے، ہندوستان ایک غیر مذہبی سیکولر ملک ہے، ہندوستان کے آئین میں ہر شہری کو مساوی حقوق حاصل ہیں، ہر مذہب کے ماننے والوں کو اپنے مذہب کے مطابق زندگی گزارنے کی آزادی ہے، پچھلے کچھ سالوں سے ملک میں چند انتشار پسند عناصر ملک کی فرقہ وارانہ ہم آہنگی کو ختم کرنے کی کوشش کر رہے ہیں، یہ لوگ ملک کی سیکولر امیج کو خراب کر نے پر آمادہ ہیں، ملک میں قانون کی حکمرانی ہے لیکن کچھ انتشار پسند عناصر قانون کو اپنے ہاتھ میں لے کر ایک مخصوص طبقے کے خلاف پرتشدد حملے کر رہے ہیں، یہ لوگ ملک کے امن و امان کو برباد کرنا چاہتے ہیں جو کہ ملک کے مفاد میں نہیں ہے، جمعیت علماء ہند ضلع فرخ آباد ملک کے مفاد میں آپ سے مطالبہ کرتی ہے کہ ریاست تریپورہ میں انتشار پھیلانے والوں کے خلاف سخت قانونی کارروائی کرکے وہاں فوری طور سے امن بحال کیا جائے، شر پسند عناصرکے پرتشدد حملوں میں تباہ ہونے والی مساجد، مکانات اور تجارتی اداروں کی تعمیر نو اور مرمت کی جائے، تشدد میں ہونے والے نقصان کی تلافی کے لیے معاوضہ دیا جائے پرتشدد حملوں کے قصورواروں کے خلاف سخت قانونی کارروائی کی جائے اور پرتشدد حملوں کا شکار ہوئےمسلمانوں اور ان کے مذہبی مقامات، مکانات و تجارتی اداروں کے تحفظ کے پختہ انتظامات کیے جائیں، مکتوب ارسال کرنے والوں میں حافظ مجیب ، مولانا عاطف، مولانا عبدالماجد، سید فیصل علی، حافظ سعیدمولانا عبدالماجد حافظ ذوالفقار علی حافظ عبد الوھاب کے نام شامل ہیں۔