رسوئی گیس کی قیمت میں اضافہ ناقابل برداشت

مکرمی!
سنیچر کو ایک بار پھر رسوئی گیس کی قیمت میں ۵۰ روپئے کا اضافہ کر دیا گیا اور یہ قیمت بڑھتے بڑھتے لگ بھگ ایک ہزار روپئے ہوگئی ہے ۔ رسوئی گیس کا سلنڈر گھریلو ضروریات کا ایک حصہ ہے اور اس کی قیمت میں مسلسل اضافہ ہو رہا ہے جس کی وجہ سے گھریلو بجٹ بگڑ رہا ہے سلنڈر کی قیمت میں اضافے سے غریبوں اور بیروزگار افراد پر بہت بُرا اثر پڑے گا اور اُن کا چولہا جلانا مشکل ہو جائے گا حکومت کو چاہئے کہ غریبوں کا خیال کرتے ہوئے ضروری اشیاء کی قیمتیں کنٹرول میں رکھے اور اگر اضافہ کرنا ہی پڑے تو ان چیزوں کی قیمت میں اضافہ نہ کرے جن سے لوگوں کے لئے روٹی کپڑا اور مکان مہنگا ہوجائے ۔گزشتہ دو سالوں سے کورونا وائرس کی وجہ سے لاک ڈاؤن اور دیگر پابندیوں کی وجہ سے لاکھوں لوگ بیروزگاری کا سامنا کر رہے ہیں لوگوں کی زندگی اجیرن بنی ہوئی ہے بڑھتی ہوئی قیمتوں کی وجہ سے روزمرّہ زندگی کی بنیادی ضروریات کا سامان عام لوگوں کی دسترس سے باہر ہو گیا ہے ایسے میں رسوئی گیس سلنڈر کی قیمت میں اضافے سے رہی سہی کسر بھی پوری ہو جائے گی اور لوگ فاقہ کشی کا شکار ہو جائیں گے حکومت کو چاہئے کہ مہنگائی کو قابو کرنے کے لئے ضروری اقدامات کرے ورنہ ہندوستان میں بھی سری لنکا جیسی صورتحال پیدا ہو سکتی ہے جو کہ حکومت کے لئے دشواری کا سبب بن جائے گی۔
ساجد محمود شیخ میراروڈ