کورونا وائرس کے انقلابی کارنامے

تحریر: محمد ہاشم اعظمی مصباحی
کووڈ١٩( کروناوائرس)کی تباہ کاری اورہلاکت خیزی سے کسی کو مجالِ انکار نہیں یقیناً یہ ایک ایسا مہلک وبائی وائرس ہے جس نے پوری دنیا کو سُونا سُونا کردیا ہے کاروبار دنیا ٹھپ ہوگیا محسوس دنیا پر تسلط کا پنجہ گاڑنے والی سوپر پاور طاقتیں بھی دیکھتے دیکھتے لمحے بھر میں زمیں بوس ہوگئیں فضاۓ بسیط میں ہمہ دم پرواز کرنے والے طیارے زمین پر قطاروں میں نظر آنے لگے بازاروں کی رونقیں فق ہو گئیں شاہراہوں کا حسن ماند پڑ گیا ناقابل تسخیر ہونے کا دعویٰ کرنے والی قوتیں گھٹنوں کے بل آگئیں سب کی جان کے لالے پڑ گئے رفتار زندگی تھم سی گئی ہے گویا اس نہ دکھائی دینے والے معمولی وائرس نے پوری کائنات انسانی کو موت وحیات کی کشمکش میں مبتلا کر دیا ہے لیکن اس سے قطعِ نظر اس وائرس نے بہت سے مثبت کارنامے بھی انجام دئیے ہیں جوشاید بڑی سے بڑی حکومتیں بھی نہیں کرپاتیں آپ ذرا غور کریں تو اندازہ ہوگا کہ اس وائرس نے انسان کو انسانیت کی طرف مائل کرکے خالق ومالک حقیقی کی بارگاہ میں فریادی بناکر جھکادیا ہے۔ہاں ہاں اسی معمولی سے وائرس کی وجہ سے دنیا کے تمام عیش وطرب کے مراکز مثلاً سینماگھر ،نائٹ کلب، رقص گاہیں، شراب خانے، جواخانے اور جنسی بے راہ روی کے تمام مراکز پر تالے لٹک رہے ہیں بلکہ سودکی شرح بھی بہت کم ہوگئی ہے اس وبا نے خاندانوں کو طویل جدائی کے بعد گھروں کے اندر اکٹھا ہونے پر مجبور کیا ہے اجنبی مردوعورت کو میل ملاپ سے بھی روکا ہے اس وائرس نے عالمی ادارہ صحت کواس بات کے اعتراف پر مجبور کردیا ہے کہ شراب نوشی تباہی وہلاکت ہے لہذا اس سے اجتناب کیا جائے۔شراب کے مضرات سے اسلام نے پہلے ہی آگاہ کردیا تھا آج دنیا کھلے دل تعلیمات اسلام کا اعتراف کر رہی ہے اس وبائی جراثیم نے دنیا کوسکھادیا کہ صفائی ستھرائی اور چھینکنے کاصحیح طریقہ کیا ہے جو ہمارے رسول صلی اللہ علیہ وسلم نے چودہ سو سال پہلے ہی دنیا کو بتادیا تھا. اس مہاماری اور تالابندی نے دنیا کے ظالم حکمرانوں کوبتادیا ہے کہ لوگوں کوگھروں میں محصورکرنےاور کسی کی آزادی چھین لینے کا مطلب کیا ہوتاہے اس وبا نے اللہ کے بندوں کو اللہ سے دعا مانگنے گریہ وزاری کرنے اور استغفارکرنے پرمجبور اورمنکرات وگناہ چھوڑنے پرآمادہ کیاہے۔آج کورونا نے متکبرین کے کبر و غرور کا سراپنے مہلک جراثیم سے کچل کر عام ا نسانو کے لباس میں ملبوس کردیا ہے کارخانوں کی ان زہریلی گیس اور دیگر آلودگیوں کو بھی حد درجہ کم کیا ہےجن آلودگیوں نے باغات،جنگلات، دریا اور سمندروں کوگندہ کردیا تھا.اس معمولی سے وائرس نے جو دکھائی بھی نہیں دیتاٹیکنالوجی کو رب ماننے والوں کو حقیقی رب کی پہچان کروادیاہے۔اورسب سے بڑاکارنامہ یہ کہ اس کووڈ١٩ نے انسان کو انسان بناکر وحدہ لا شریک کی وحدانیت کی طرف پھیردیا ہے کورونا وائرس کے ان انقلابی کارناموں ہی کی وجہ سے شاید ہندو مسلم دشمنی میں ڈوبے ہوئے نفرت کے سوداگروں نے خصوصاً ہمارے ہندوستانی گودی میڈیا نے اس وبائی بیماری کو بھی مسلمان بناکرپیش کیا ہے۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے