ممبئی ۱۳ جولائی، آل انڈیا مسلم پرسنل لاء بورڈ کے وفد نےآج صبح مرکزی وزیر اور دلت لیڈر مسٹر رام داس اٹھاولے سے ملاقات کی ـ دراصل بورڈ کی ہدایت کے مطابق یکساں سول کوڈ کے سلسلے میں بورڈ کے مقامی اراکین مختلف مکاتب فکر اور ملی شخصیات کے ہمراہ مختلف سیاسی پارٹیوں کے لیڈران اور مختلف مذاہب کی مذہبی شخصیات سے ملاقات کررہے ہیں، اب تک شردپوار، نانا پٹولے،ادھو ٹھاکرے، ابوعاصم اعظمی، پرکاش امبیڈکر اور سکھ مذہب کے مذہبی رہنماوں سے ملاقات ہوچکی ہے ـ اسی سلسلے میں آج مرکزی وزیر اور دلت لیڈر رام داس اٹھاولے سے مسلم پرسنل لاء بورڈ کء وفد کی ملاقات ہوئی ـ
ملاقات کے دوران وفد کے ارکین نے مسٹر اٹھاولے سے کہا کہ آج کل ملک بھر میں کمزوروں، دلتوں، پچھڑوں اور اقلیتوں خصوصا مسلمانوں کے ساتھ مسلسل ناانصافی اور ظلم کا سلسلہ بڑھ گیا ہے، کبھی موب لنچنگ، بلڈوزروں کا غلط استعمال، عبادت گاہوں پر حملے ہورہے ہیں، غریبوں، پچھڑوں پر ظلم کی انتہا یہاں تک پہونچ چکی ہے کہ آزادی کے پچھتر سال بعد بھی کسی دلت نوجوان کا گھوڑی پر چھڑھ کر بارات نکالنا گوارا نہیں، کسی سے تلوے چٹوائے جاتے ہیں کسی کے اوپر پیشاب کردیا جاتا ہے ـ
وفد کے اراکین نے یونیفارم سول کوڈ کے سلسلے میں بتایا کہ یہ صرف مسلمانوں کے لئے ہی نہیں بلکہ دیگر اقلیتوں،ادیواسی اور قبائل کے بھی خلاف ہوگا، ہمارے ملک کی خوبصورتی ہی یہی ہے کہ یہاں مختلف مذاہب، مختلف تہذیب اور الگ الگ زبانیں بولنے والے افراد آپس میں مل جل کر رہتے ہیں، یہاں ایک ہی مذہب کے ماننے والوں میں شمال اور جنوب کے کلچر کے اندر فرق پایا جاتاہے، ان حالات میں یکساں سول کوڈ ملک کے لئے فائدہ مند ہونے کے بجائے سخت نقصان دہ ثابت ہوگا ـ
وفد کے اراکین نے رام داس اٹھاولے سے یہ بھی کہا کہ موجودہ حالات میں سب سے اہم ضرورت اس بات کی ہے کہ سارے کمزور، مظلوم ایک ساتھ آئیں اور دیگر ہم خیال پارٹیوں اور تنطیموں کے ساتھ مل کر حکومت کو اس طرح کے غیر دستوری و غیرقانونی اقدامات سے روکیں ـ اُن سے یہ بھی کہا گیا کہ آپ ملک کے اہم لیڈر ہونے کے ساتھ موجودہ حکومت کا حصہ بھی ہیں، اس لئے اس ملک کے تمام جمہوریت پسند افراد آپ سے امید رکھتے ہیں کہ آپ کیبنٹ میتنگ اور دیگر پلیٹ فارم پر ایسی تمام غیر دستوری حرکتوں کے خلاف کھل کر آواز بلند کریں گے اور ملک کی فرقہ وارانہ فضا کو معمول پر رکھنے کے لئے اپنے رسوخ کا استعمال کریں گے ـ
رام داس اٹھاولے نے پوری گفتگو غور سے سنی اور کہا کہ میں یقینا آپ کی بات مرکزی حکومت کو پہونچاوں گا، بلکہ حکومت کے بڑے ذمہ داروں سے اپ کے نمائندوں کی ملاقات بھی کراوں گا، اُنھوں نے اسی وقت دہلی فون کرکے اپنے دفتر کو فون کرکے اس سلسلے میں ہدایت جاری کی ـ
آخر میں انھوں نے ایک بار پھر مسلم پرسنل لاء بورڈ کے نمائندوں کو اپنے مکمل تعاون کا یقین دلایا ـ
مسلم پرسنل لاء بورڈ کی طرف سے ابھی کئی اور سیاسی رہنماؤں سے ملاقات کا پروگرام ہے ـ اس کے علاوہ عیسائی، بدھ، جین کے ساتھ دلت، ادی واسی، وقبائلی لیڈران سے بھی ملاقات طے ہے ـ
اس وفد میں سلیم موٹر والا، اقبال چوناوالا، مولانا انیس اشرفی، مولانا عبدالجلیل سلفی، شاکر شیخ، ڈاکٹر سلیم خان، مسرور قریشی، عرفان نواب خان اور سلیم بھاٹی شامل تھے۔
رابطہ، 9820135838