مغرب کی اسلام دشمنی

مغرب کی اسلام دشمنی کبھی ایک مرض تھی جسے اب مغرب نے ایک تماشا بنادیا ہے مغرب کبھی پیغمبر اسلام پر حملہ کرتا ہے کبھی قرآن کی توہین کی راہ ہموار کرتا ہے یہ ابہی کی بات ہے کہ ڈنمارک میں قرآن پر حملہ ہورہا تھا اور اب سویڈن میں قرآن کو نذر آتش کردیا گیا ہے۔
مغرب کی اسلام دشمنی کی تاریخ نئی نہیں ہے عیسائیوں اور یہودیوں نے رسول اکرمؐ کی بعثت کے ساتھ ہی اسلام سے مخالفت مول لے لی تھی۔ سیدہ صفیہ اسلام لانے سے پہلے یہودی تھیں ان کا بیان ہے کہ جب رسول اکرمؐ کی بعثت کا اعلان ہوا تو ان کے والد اور چاچا نے اس امر کی تحقیق کرائی کہ آپؐ کی بعثت کی خبر صحیح ہے یا غلط ہے جب ان کو معلوم ہوا کے آپؐ کی بعثت کی خبر سچی ہے تو دونوں نے گواہی دی کہ یہ وہی پیغمبر ہیں جن کی آمد کی پیشگوئی توریت میں موجود ہے۔ سیدہ صفیہ کے بقول ان کے والد نے ان کے چاچا سے یہ بھی کہ اب کیا کرنے کا ارادہ ہے ان کے چاچا نے کہا جب تک دم میں دم ہے ان کی مخالفت کرتے رہیں گے۔ رسول اکرمؐ کی بعثت سے پہلے یہودی اور عیسائی کہا کرتے تھے کہ اگر ہمیں آخری پیغمبر کا زمانہ میسر آیا تو ہم نہ صرف یہ کہ ان پر ایمان لائیں گے بلکہ ان کے دشمنوں کے خلاف جہاد بھی کریں گے۔ مگر جب رسول اکرمؐ کی بعثت ہوئی تو اکثر یہودیوں اور عیسائیوں نے آپؐ پر ایمان لانے سے انکار کردیا۔
اہل مغرب نے اسلام اور مسلمانوں کی نفرت میں ان کے نام بگاڑے ہیں۔ اسلام کا نام اسلام ہے مگر اہل مغرب نے اسلام کو ’’محمڈن ازم‘‘ اور مسلمانوں کو محمڈن کہہ کر پکارا۔ اہل مغرب نے مسلمانوں کو سیدنا ابراہیمؑ کی اہلیہ سیدہ حاجرہؑ کی نسبت سے Hagarin یا ’’حاجرائی‘‘ بھی کہا۔ یہ نام بھی انہوں نے تحقیر میں رکھا۔ اس لیے کہ سیدنا ابراہیم ؑ کی اہلیہ سیدہ حاجرہ سیدنا ابراہیم ؐ کی پہلی اہلیہ سیدہ سارہ کی ملازمہ تھیں۔ مگر سیدنا اسماعیلؑ سیدہ حاجرہ کے بطن سے پیدا ہوئے۔ رسول اکرمؐ کا سلسلہ نصب سیدنا اسماعیلؑ سے جاملتا ہے اسی تناظر میں اہل مغرب نے مسلمانوں کو ’’حاجرائی‘‘ کہہ کر مخاطب کیا کہ وہ دراصل یہ کہنا چاہ رہے تھے کہ مسلمان ایک ملازمہ کی اولاد ہیں ان کی کوئی تاریخی اوقات ہی نہیں۔
مسلمان اپنی گفتگوئوں اور تحریروں میں صلیبی جنگوں کا ذکر تو کرتے ہیں مگر مسلمانوں کی عظیم اکثریت کو صلیبی جنگوں کا پس منظر معلوم نہیں۔ صلیبی جنگیں مسلمانوں کی ’’ایجاد‘‘ نہیں تھیں بلکہ انہیں مغرب نے ایجاد کیا تھا اور ان کے پس منظر میں وہ نفرت موجود تھی جو عیسائی دنیا اسلام اور مسلمانوں کے لیے اپنے دل میں رکھتی تھیں یہ 1095 کا زمانہ تھا اس وقت کے پوپ اربن دوم نے ایک چرچ میں کھڑے ہوکر تقریر کی اس نے کہا اسلام ایک شیطانی مذہب ہے اور میرے دل پر یہ بات القا کی گئی ہے کہ عیسائیوں کا فرض ہے کہ وہ اس شیطانی مذہب اور اس کے ماننے والوں کو صفحہ ہستی سے مٹادیں۔
پوپ اربن دوم نے اسلام کو شیطانی مذہب قرار دیا تھا تو اس کی کوئی تاریخی یا علمی بنیاد موجود نہیں تھی پوپ اربن نے یہ بات توریت یا انجیل کی روشنی میں نہیں کہی تھی اس نے یہ بات سیدنا موسیٰ ؑ یا سیدنا عیسیٰؑ کے کسی قول کی روشنی میں نہیں کہی تھی۔ اس کی یہ بات قرآن و حدیث کے تجزیے کا حاصل نہیں تھی۔ اس کی یہ بات رسول اکرمؐ کی سیرت پاک پر غور کا نتیجہ نہیں تھی اس کی یہ بات صرف اس کی ذہنی اختراع تھی اس نے کہا کہ میرے قلب پر یہ بات القا کی گئی ہے کہ اسلام ایک شیطانی مذہب ہے۔ تمام مذاہب کے ماننے والے جانتے ہیں کہ ایک ’’الہام ربانی‘‘ ہوتا ہے اور ایک ’’الہام شیطانی‘‘ ہوتا ہے اور ان میں تمیز کرنے کے لیے ایک روحانی اخلاقی اور علمی اہلیت کی ضرورت ہوتی ہے۔ پوپ اربن کے قلب پر جو بات القا ہوئی تھی وہ سو فی صد الہام شیطانی تھی۔ مگر اسے اس نے الہام ربانی سمجھا۔ یہاں کہنے کی اصل بات یہ ہے کہ پوپ کی آواز صدا بہ صحرا ثابت نہیں ہوئی۔ پوپ نے 1095 میں اسلام کو ایک شیطانی مذہب قرار دے کر اس مذہب اور اس کے ماننے والوں کو صفحہ ہستی سے مٹانے کا اعلان کیا تھا اور 1099 میں پورا یورپ عملاً ایک صلیبی جھنڈے کے نیچے جمع ہوا اور ان صلیبی جنگوں کا آغاز ہوا جو کم و بیش دو سو سال جاری رہیں۔ ان جنگوں کے آغاز میں صلیبی فوجوں نے بیت المقدس کی اینٹ سے اینٹ بجا دی۔ انہوں نے بیت المقدس میں اتنے بڑے پیمانے پر مسلمانوں کا قتل عام کیا کہ مغربی مورخین کے مطابق بیت المقدس کی گلیوں میں اتنا خون تھا کہ گھوڑے چلانے میں دشواری ہو رہی تھی۔ پھر بیت المقدس میں ایک وقت وہ بھی آیا جب سلطان صلاح الدین ایوبی کی فوجوں نے بیت المقدس کا محاصرہ کر لیا۔ بیت المقدس میں اس وقت ایک لاکھ عیسائی موجود تھے۔ یہ بیت مقدس میں مسلمانوں کے قتل عام کا حساب بے باق کرنے کا بہترین موقع تھا۔ مگر سلطان صلاح الدین ایوبی اسلام کے علمبردار تھے چنانچہ انہوں نے عیسائیوں کا قتل عام کرنے کے بجائے انہیں معمولی سی رقم دے کر بیت المقدس سے چلے جانے کا موقع دیا۔ بہت سے عیسائی غریب تھے وہ صلاح الدین ایوبی کو معمولی سی رقم بھی نہیں دے سکتے تھے۔ چنانچہ ان کی رقم صلاح الدین ایوبی اور ان کے عزیزوں نے ادا کی۔
مسلمانوں کی عظیم اکثریت کو آج بھی یہ معلوم نہیں کہ عیسائی چرچ کی سرکاری پوزیشن رسول اکرمؐ کے سلسلے میں یہ ہے کہ چرچ رسول اکرمؐ کو تاریخ کی بڑی شخصیت مانتا ہے۔ انہیں تاریخ کے عبقریوں یا Geniuses میں شمار کرتا ہے مگر چرچ رسول اکرمؐ کو نبی نہیں مانتا۔ مغرب کا دعویٰ ہے کہ معاذ اللہ رسول اکرمؐ نے کچھ چیزیں توریت سے لیں۔ کچھ چیزیں انجیل سے لیں اور انہیں جوڑ جاڑ کر قرآن تخلیق کر ڈالا۔ اہم بات یہ ہے کہ یہ الزام وہ عیسائی دنیا عائد کرتی ہے جس کے پاس انجیل کا کوئی اصل مسودہ نہیں۔ مغربی دنیا کا تصور محمدؐ دراصل ان کے تصور عیسٰیؑ سے ماخوذ ہے۔ سیدنا عیسیٰؑ نے کبھی جہاد نہیں کیا۔ رسول اکرمؐ نے جہاد کیا۔ سیدنا عیسٰیؑ نے کوئی ریاست قائم نہیں کی۔ رسول اکرمؐ نے ریاست مدینہ کو وجود بخشا۔ سیدنا عیسیٰؑ کی شادی ہی نہیں ہوئی اور انہوں نے تجرد کی زندگی بسر کی۔ اس کے برعکس رسول اکرمؐ کی گیارہ بیویاں تھیں۔ مغربی دنیا اس تناظر میں جب رسول اکرمؐ کو دیکھتی ہے تو انہیں رسول اکرمؐ سیدنا عیسیٰؑ سے بہت مختلف نظر آتے ہیں۔ چنانچہ عیسائی دنیا انہیں پیغمبر ماننے ہی سے انکار کر دیتی ہے۔ بلکہ وہ رسول اکرمؐ کی توہین پر آمادہ ہو جاتی ہے۔ وہ رسول اکرمؐ کو معاذ اللہ دنیا پرست کہتی ہے۔ مغرب کے ممتاز شاعر دانتے کو رسول اکرمؐ سے اتنی نفرت تھی کہ اس نے اپنی نظم ڈیوائن کومیڈی میں رسول اکرمؐ کو معاذ اللہ جہنم میں دکھایا ہے۔
تاریخ کا مطالعہ بتاتا ہے کہ کمیونزم کی شکست اور سوویت یونین کے تحلیل ہونے کے بعد مغرب کی اسلام دشمنی میں اچانک کئی سو فی صد اضافہ ہو گیا۔ نائن الیون نے اس سلسلے میں مرکزی کردار ادا کیا۔ نائن الیون کے بعد امریکا کے صدر جارج بش نے امریکی قوم سے خطاب کرتے ہوئے نائن الیون کے جواب میں ’’کروسیڈ‘‘ شروع کرنے کا اعلان کیا۔ کروسیڈ کی اصطلاح صلیبی جنگوں کے لیے استعمال کی جاتی تھی۔ چنانچہ اس کا مفہوم یہ تھا کہ مغرب نے اسلام اور مسلمانوں کے خلاف نئی صلیبی جنگ چھیڑ دی ہے۔ جارج بش کے بعد اٹلی کے اس وقت کے وزیراعظم سلویو برلسکونی نے اخباری نمائندوں سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ عیسائی تہذیب اسلامی تہذیب سے برتر ہے اور اس نے جس طرح کمیونزم کو شکست دی ہے، اس طرح وہ اسلامی تہذیب کو بھی شکست دے گی۔ اٹلی کے وزیراعظم کے بیان کے بعد امریکا کے اس وقت کے اٹارنی جنرل ایش کرافٹ نے حد ہی کر دی۔ انہوں نے واشنگٹن ڈی سی میں ایک کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ عیسائیت کا خدا اسلام کے خدا سے برتر ہے اس لیے کہ عیسائیت کے خدا نے انسانیت کی نجات کے لیے اپنے بیٹے عیسٰیؑ کی قربانی دے دی۔ اس کے برعکس اسلام کا خدا اپنی برتری کے اظہار کے لیے مسلمانوں سے شہادت کی صورت میں جان کی قربانی طلب کرتا ہے۔ مغرب کے رہنما جب یہ بیانات دے رہے تھے تو ان کی سرکاری پوزیشن یہ تھی کہ وہ گویا دہشت گردی کے خلاف جنگ کرنے نکلے ہیں مگر حقیقت یہ تھی کہ وہ اسلام پیغمبر اسلام اور خود مسلمانوں کے خلاف جنگ کرنے نکلے تھے۔ یہی وجہ تھی کہ 2009 میں پوپ بینی ڈکٹ شش دہم نے کھل کر توہین رسالت کا ارتکاب کیا۔ انہوں نے چودھویں صدی کے عیسائی بادشاہ مینوئل دوم کا یہ قول دہرایا کہ محمد کیا نیا لائے ہیں۔ اور یہ کہ اسلام تلوار کے زور سے پھیلا ہے۔ یہ عیسائیت کی سب سے بڑی شخصیت کی طرف سے توہین رسالت کی اتنی بڑی واردات تھی کہ اس پر اگر تیسری عالمی جنگ چھڑ جاتی تو معمولی بات ہوتی مگر بدقسمتی سے مسلمانوں کا یہ حال ہو گیا ہے کہ ان پر اقبال کے اس شعر کا پوری طرح اطلاق ہوتا ہے۔

بجھی عشق کی آگ اندّھیر ہے
مسلماں نہیں راکھ کا ڈھیر ہے

مسلمانوں بالخصوص مسلم دنیا کے بادشاہوں، سیاسی رہنمائوں اور جرنیلوں کا یہ حال ہے کہ وہ مسلمانوں کی آزادی اور خودمختاری کا کیا رسول اکرمؐ اور قرآن کی حرمت تک کا دفاع کرنے میں بری طرح ناکام ہیں۔ آپ دیکھ رہے ہیں کہ 9 مئی کے واقعات کے خلاف فوجی اور سیاسی اسٹیبلشمنٹ کس طرح آگ بگولہ ہو چکی ہے مگر قرآن اور رسول اکرمؐ کی توہین پر ہم ڈنمارک اور سویڈن کے سفیروں تک کو ملک بدر کرنے میں بری طرح ناکام ہیں ۔

ازقلم: شاہنواز فاروقؔ

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے