کہا کہ ریاستی سرکار لاء اینڈ آرڈر بحال کرنے میں ناکام
نئی دہلی، 14 اکتوبر 2024
جمعیۃ علماء ہند کے صدر مولانا محمود اسعد مدنی نے کسی گینگ کے ذریعہ مہاراشٹر حکومت کے سابق وزیر بابا صدیقی کے قتل پر گہرے صدمے اور دکھ کا اظہار کیا ہے اور اسے ریاست میں قانون اور نظم و ضبط کی مکمل ناکامی کا نتیجہ قرار دیا ہے۔مولانا مدنی نے مرحوم کے بیٹے ذیشان صدیقی( ایم ایل اے کانگریس ) ، گھر کے دیگر افراد اور تمام متعلقین سے اس دکھ کی گھڑی میں تعزیت اور یک جہتی کا اظہار کیا ہے اور مرحوم کے لیے دعائے مغفرت اور اہل خانہ کو صبر و استقلال کی تلقین کی ہے ۔مولانا مدنی ذاتی طور پر تعزیت پیش کرنے کے لیےممبئی کے لیے روانہ ہو گئے ہیں ۔
مولانا مدنی نے کہا کہ ممبئی میں انڈرورلڈ کا ایک بار پھر بڑھتا ہوا اثر و رسوخ اس بات کا واضح ثبوت ہے کہ ریاست قانون کی بالادستی برقرار رکھنے میں ناکام ہوچکی ہے۔ انھوں نے کہا کہ فرقہ پرستی ، دہشت گردی اور غنڈہ گردی کسی بھی مہذب سماج کا حصہ نہیں ہوسکتیں۔ ہمیں ان سے متحدہ طور پر لڑنا ہوگا ۔ انھوں نے کہا کہ حکومت کو اس تشویشناک صورت حال کی مکمل ذمہ داری لینی چاہیے اور فوری طور پر مجرموں کو انصاف کے کٹہرے میں لایا جانا چاہیے۔مولانا مدنی نے اعادہ کیا کہ شہریوں کی حفاظت ریاست کی اولین ذمہ داری ہے اور اس حوالے سے کسی بھی قسم کی ناکامی کو فوری طور پر دور کرنا ہوگا۔
نیاز احمد فاروقی
سکریٹر ی جمعیۃ علما ء ہند