مالیر کوٹلہ، پنجاب 6/ اگست (پریس ریلیز)
آج کے دور میں مغربیت کے افکار و نظریات نے لوگوں کے دل و دماغ پر کچھ اس طرح سے قبضہ جما لیا ہے کہ ان کے ذہنوں سے دین اسلام اور شریعت مطہرہ سے وابستگی ختم ہوتی جارہی ہے، اللہ کے رسول صلی اللہ علیہ وسلم نے شادی کرنے کے لئے ”دیندار کو چننے کا” حکم دیا تھا، اب دیندار کی تو بات ہی چھوڑئیے، نوبت یہاں تک آ گئی کہ غیر مسلم بھی اب لائف پارٹنر بننے لگے ہیں، مسلمان لڑکوں اور لڑکیوں کا غیر مسلموں سے نکاح کرنا جائز ہی نہیں ہے اگر ظاہری طور پر اس نے نکاح کی رسم انجام دے بھی لی تو اس سے نکاح درست نہ ہوگا۔
گذشتہ کچھ دنوں سے آئے دن جس طرح کے منظر سامنے پیش آرہے ہیں، اخبارات میں خبریں پڑھنے اور سننے کو مل رہی ہیں کہ فلاں مسلم لڑکی نے کسی غیر مسلم کے ساتھ فرار ہوکر شادی کرلی، یہ خبریں انتہائی پریشان کن اور بہت ہی افسوسناک ہیں،
ان خیالات کا اظہار مسجد النور محلہ باغ والا مالیر کوٹلہ میں اپنے جمعہ کے بیان میں نوجوان عالم دین، جمعیۃ علماء ضلع سنگرور کے سیکریٹری مفتی ثاقب قاسمی ناظم جامعہ اسلامیہ عزیزیہ مالیر کوٹلہ نے فرمایا،
انہوں نے فرمایا کہ بنیادی طور پر پہلی وجہ لوگوں کے اندر دینی تعلیمات کی کمی ہے، لوگ دین اسلام سے دور ہیں، خاص کر گھر کی عورتوں کو مکمل طور پر اسلام کی تعلیمات سے آراستہ کیا جائے، عورتوں کے اجتماعات کرکے انکو گھر کی سلیقہ مندی اور بچوں کی نگرانی کی طرف توجہ دلائی جائے، گھر کے اندر سب کے حقوق کی رعایت اور پاسداری رکھنے کی بھی تعلیم دی جائے، انکو مکمل ایمان کا سبق پڑھایا اور سکھایا جائے،
دوسری وجہ بچوں اور بچیوں کی صحیح وقت پر شادی بیاہ نہ کرنا ہے اور شادی کو بہت مشکل بنا رکھا ہے اسی وجہ سے غریب کی بچیوں کی شادی بہت دیر میں ہوتی ہے، خصوصاً لڑکیوں کے سرپرستان اس بات کی فکر کریں کہ شادی میں تاخیر نہ ہو شادی بیاہ کا صحیح وقت پر نہ ہونا بھی ایسے واقعات کا ایک بڑا سبب ہے، سادگی کے ساتھ نکاح کریں اس میں برکت بھی ہے اور اپنی قیمتی دولت کو برباد کرنے سے بچانا بھی ہے،
تیسری وجہ اولّا بچوں اور بچیوں کو بغیر شدید ضرورت کے موبائل نہ دیں، اگر بہت ہی زیادہ ضرورت ہو تب دیں اور موبائل فون کی مکمل نگرانی کریں، بچے کن سے باتیں کرتے ہیں کس کے ساتھ اٹھنا بیٹھنا ہے، انکے سوشل میڈیا اکاؤنٹ چیک کرتے رہیں، چیٹ اور ہسٹری پر نگاہ رکھیں، اگر ان باتوں پر عمل کیا جائے تو ہمارا معاشرہ بہت خوشگوار ثابت ہوگا، بہت ساری برائیوں اور بےحیائیوں سے محفوظ رہے گا۔