ہردوئی (یاسر قاسمی)
جمعیت علماء ہردوئی کی نشہ مخالف مہم کے تحت دوسرا جلسہ مادھو گنج میں منعقد ہوا، مہم کا پہلا جلسہ گزشتہ 30 دسمبر بروز جمعرات دولت یار پور میں منعقد ہوا تھا، اطلاع کے مطابق پورے ضلع میں یہ مہم 10 جنوری تک جاری رہے گی، جلسے کی صدارت وسط اترپردیش کے نائب صدر مولانا عبدالجبار قاسمی نے کی ۔
گزشتہ یکم جنوری بعد نماز مغرب مدرسہ فیض القرآن مسجددرزیانہ مادھوگنج میں منعقد جلسہ تحفظ اقدار انسانیت میں حضرت محی السنہ رحمۃ اللہ علیہ کے خلیفہ اجل اور مدرسہ اشرف المدارس ہردوئی کے شیخ الحدیث مولانا افضال الرحمن قاسمی نے بطور مہمان خصوصی شرکت کی، مولانا نے اپنے خصوصی خطاب میں منشیات کے دنیوی و اخروی نقصانات پر تفصیل سے روشنی ڈالی مولانا نے بتایا شراب ام الخبائث (بڑائیوں کی جڑ)ہے، شرابی کے چہرے سے ایمان کا نور سلب ہوجاتا ہے، جب تک وہ نشے میں رہے نعمت ایمان سے محروم رہتا ہے ، اس کی معیشت تباہ ہو جاتی ہے، معاشی دیوالیہ نکل جاتا ہے، مولانا نے بتایا کہ اغیار نے تسلیم کیا ہے برائیوں کی اصلاح کا جو نظام اسلام نے پیش کیا اس کی نظیر کسی دوسرے مذہب میں نہیں ملتی، اصلاح کے دو طریقے ہیں، ایک جرم پر سزا کا قانون بنا دینا، دوسرے ذہن سازی یعنی برائی کی نفرت دل میں بٹھادینا، انہوں نے کہا اصلاح کا دوسرا طریقہ زیادہ مؤثر ہے، جب دل سنورجائے تو جلوت خلوت ہر جگہ گناہ سے بچنا آسان ہو جائے گا، آغاز خطاب میں ایمان کے ساتھ تقوی کی ضرورت پر روشنی ڈالتے ہوئے ہوئے مولانا نے کہا نافرمانی دو طرح کی ہیں، ایک عقیدے کی نافرمانی جیسے خدا کی ذات و صفات میں شرک اور ختم نبوت کا انکار غیرہ، دوسرے اعمال کی نافرمانی جیسے جھوٹ، غیبت، سود خوری رشوت ستانی شراب نوشی وغیرہ، اللہ تعالی نے قرآن مجید میں "اے ایمان والو تقوی اختیار کرو،، فرما کر دونوں طرح کی نافرمانی سے اجتناب کا اپنے بندوں سے مطالبہ کیا ہے، انہوں نے کہا کہ امت محمدیہ کا یہ امتیاز ہے کہ اللہ نے مسلمانوں سے اپنے رشتے کا واسطہ دے کر خطاب فرمایا، جو درحقیقت از راہ محبت پیغام ہے کہ مومن کے قلب کی طرح اس کا قالب بھی شریعت کے رنگ میں رنگا ہونا چاہیے، جمعیۃ علماء وسط اترپردیش کے نائب صدر اور ضلعی صدرمولانا عبدالجبار قاسمی نے اپنے صدارتی خطاب میں علماء و بزرگوں سے ربط اور ان کی صحبت میں رہ کر اپنی نمازوں کی اصلاح پر زور دیا ، یاسر عبدالقیوم قاسمی نے بھی خطاب کیا، مولانا حسیب الرحمن مظاہری کی تلاوت قرآن مجید سے جلسے کا آغاز ہوا، نعت و منقبت کے اشعار حافظ فخرالدین ملانوی نے پیش کیے۔ کنوینر مسٹر محمد آصف کی طرف سے اظہار تشکر کیا گیا، نظامت مفتی وقار الدین قاسمی نے کی، اس موقع پر مولانا محمد حسان مظاہری ،ضلعی نائب صدر مولانا محمد غفران بلگرامی ، مفتی محمد بلال قاسمی ، تنویر احمد، محمد مشتاق ، مولانا محمد حذیفہ، مولانا محمد سلمان،مولانا عبدالرحیم،مجیب الرحمن ،محمد سفیان ودیگر بطور خاص موجود رہے۔