ملزم نے عدالت کی اجازت کے بغیر بیرون ملک کا سفر کرنے کا اعتراف کیا، عدالت سے معافی کی گذارش کی
ممبئی:1/ فروری
مالیگاؤں 2008 بم دھماکہ معاملے کا سامنا کررہے بھگوا ملزم سوامی سدھاکر دھر دویدی کی ضمانت منسوخ کیئے جانے والی درخواست پر آج خصوصی این آئی عدالت کے حکم پر ملزم اور قومی تفتیشی ایجنسی نے اپنا جواب داخل کیا۔ ایک جانب جہاں ملزم نے عدالت کی اجازت کے بغیر بیرون ملک کا سفر کرنے کا اعتراف کیا اورعدالت سے غیر مشروط معافی مانگی وہیں قومی تفتیشی ایجنسی نے حسب سابق بجائے ملزم کے خلاف کارروائی کرنے کے بم دھماکہ متاثرین پر الزام عائد کیا کہ انہوں نے قومی تفتیشی ایجنسی کی اجازت کے بغیر ملزم کی ضمانت منسوخ کرنے کی درخواست داخل کی ہے جو قابل سماعت ہے یا نہیں عدالت کو فیصلہ کرنا ہوگا۔
خیا ل رہے کہ گذشتہ دنوں خصوصی این آئی اے عدالت میں بم دھماکہ متاثرین کی نمائندگی کرنے والی تنظیم جمعیۃ علماء مہاراشٹر(ارشد مدنی) قانونی امداد کمیٹی کی جانب سے ایڈوکیٹ شاہد ندیم نے کریمنل پروسیجر کوڈ کی دفعہ 439(2)کے تحت ایک عرضداشت داخل کی تھی اور عدالت سے گذارش کی تھی کہ وہ ملزم سوامی سدھاکر کی ضمانت منسوخ کرے کیونکہ اس نے عدالت کی جانب سے عائد پابندیوں کی خلاف ورزی کی ہے۔ ملزم سوامی کی ضمانت منسوخ کیئے جانے کی درخواست میں تحریر ہے کہ ملزم عدالت کی اجازت کے بغیر نیپال گیا تھا اور وہاں اس نے ایک پروگرام میں شرکت کی تھی جس کی تفصیلات انٹرنیٹ پر موجود ہیں
اب جبکہ اس معاملے میں فریقین نے اپنا جواب داخل کردیا ہے، خصوصی جج پی آر سٹرے اگلے چند ایام میں بم دھماکہ متاثرین کی ضمانت مسترد کیئے جانے والی عرضداشت پر سماعت کرسکتے ہیں۔ ملزم کے اعتراف کرنے کے بعد یہ دلچسپ ہوگیا ہیکہ آیا ملزم کی ضمانت منسوخ کریگی یا ملزم کو معاف کرکے اسے راحت دیگی۔
اس ضمن میں ایڈوکیٹ شاہد ندیم نے کہا کہ ان کی عدالت سے گذارش ہوگی کہ ملزم کی ضمانت منسو خ کی جائے کیونکہ ملزم ایک سنگین مقدمہ کا سامنا کررہا ہے اور ملزم کے ملک سے فرار ہونے کا خطرہ ہے۔
عیاں رہے کہ ملزم سوامی سدھاکر دھر دویدنے مارچ 2019 میں نیپال کا سفر کیا تھا اور وہاں ویدیک سائنس اور ماڈرن سائنس کے عنوان پر منعقدہ انٹرنیشنل کانفرنس میں شرکت کی تھی، ملزم کے عدالت کی اجازت کے بغیر بیرون ملک کا سفر کرنے کا علم ہوتے ہی بم دھماکہ متاثرین نے خصوصی این آئی اے عدالت سے رجوع کیا۔
سال 2017 میں ملزم کی ضمانت منظور کرتے وقت خصوصی این آئی اے عدالت نے ملزم کے ملک سے باہر جانے پر پابندی لگا دی تھی لیکن اس کے باوجود ملزم نے بیرون کا ملک کا سفر کیا۔
جمعیۃ علماء مہاراشٹر