مدنی مسجد قنوج میں ایک روزہ جلسہ سیرت النبی و اصلاح معاشرہ منعقد
قنوج (یاسر قاسمی)
مدنی مسجد چڑیا گنج قنوج میں ایک روزہ جلسہ سیرت النبی و اصلاح معاشرہ منعقد ہوا، جلسے میں علماء و حفاظ کی ایک بڑی تعداد نے شرکت کی، اکابر کے معتمد خاص مولانا عبدالجبار قاسمی کی دعا پر جلسہ ختم ہوا۔
بعد نماز مغرب منعقدہ جلسے میں بحیثیت مہمان خصوصی خطاب کرتے ہوئے جمعیۃ علما ضلع ہردوئی کے صدر مولانا عبدالجبار قاسمی نے اصلاحی نشستوں کے انعقاد کی ستائش کی اور ان کو عقائد کی اصلاح اور باطنی درستگی کا ایک اہم ذریعہ قرار دیا، مولانا نے کہا آج مسلمانوں کے درمیان ایمان کی قدر اس لیے نہیں ہے کہ وہ آباء و اجداد سے وراثت میں ملا ہے، ایمان کی قدرحضرت سمیہ، حضرت بلال اور حضرت خباب دیگر صحابہ رضی اللہ عنہم سے پوچھو، جنہوں نے اپنی جان کی بازی لگا کر اپنے ایمان کی حفاظت کی ، انہوں نے معاشرے کے بگاڑ کے اسباب پر تفصیل سے روشنی ڈالتے ہوئے معاشرتی برائیوں کے انسداد پر زور دیا، انہوں نے کہا صالح معاشرہ تشکیل دینے کے لیے دو باتوں کا اہتمام ضروری ہے، ایک ہر شخص اپنی ذات پر عائد ہونے والے دوسروں کے حقوق کی ادائیگی کا اہتمام کرے اور دوسرے باہمی ہمدردی کو فروغ دیا جائے، انہوں نے کہا اسلام نے مردوں کے حقوق بیان کئے کیا وہ زندوں کے حقوق طے نہیں کرے گا، چھوٹوں کے ساتھ شفقت کرو اس لیے کہ ان کے گناہ کم ہیں اور بڑوں کی تعظیم کرو اس لیے کہ ان کی نیکیاں زیادہ ہیں، مولانا نے روزانہ بستر پر جانے سے پہلے اپنی دن بھر کی زندگی کا مراقبہ کرنے اور ایک دوسرے کی غلطیوں کو معاف کرنے کے فضائل پر بھی روشنی ڈالی، جمعیت علماء ضلع قنوج کے صدر مولانا محمد کلیم جامعی نے اپنے صدارتی خطاب میں ہر وقت باوضو رہنے کی ترغیب دی، مدرسہ بدرالعلوم حاجی گنج کے استاذ مولانا محمد عثمان نے حقوق العباد کی ادائیگی بالخصوص بچوں کی اسلامی نہج کے مطابق تعلیم و تربیت پر زور دیا، نظامت یاسر عبدالقیوم قاسمی نےکی، قاری عطاء الرحمن کی تلاوت کلام اللہ سے جلسے کا آغاز ہوا، بارگاہ رسالت مآب میں نعتیہ اشعار کا نذرانہ حافظ انضمام الحق و حافظ محمد محسن نے پیش کیا، طہ عبداللہ نے بھی اپنا پروگرام پیش کیا، جلسے کے کنوینر اور مدنی مسجد کے امام حافظ محمد عمیر کی طرف سے مہمانوں کے تئیں اظہار تشکر کیا گیا، اس موقع پر مولانا عبداللطیف مظاہری، مولانا محمد شمعون مظاہری، مولانا مبین الحق مظاہری، محمد الیاس مظاہری، مولانا محمد غفران بلگرامی،مولانا محمد حسان مظاہری، حافظ محمد حبیب،مولانا محمد شاکر، حافظ محمدذاکر، مفتی محمد سہیل قاسمی،حافظ محمد ابرار، حافظ محمد عمار، محمد ارشد،حافظ عبد المتین ، مولانا محمد شعیب،محمد عمران،مولانا اکرام الحق اورمولانا محمد فیصل وغیرہ اور خاص موجود رہے۔