جماعت اسلامی ہند یاقوت پورہ کے زیر اہتمام جلسہ استقبال رمضان سے مولانا حافظ محبوب شریف نظامی و دیگر کا خطاب
جماعت اسلامی ہند یاقوت پورہ کے زیر اہتمام جلسہ استقبال رمضان المبارک مسعودہ فنکشن ہال معین باغ پر منعقد ہوا۔اس جلسہ کا آغاز مولانا محمدعبدالحفیظ عظیمی،رکن شوری جماعت اسلامی ہندیاقوت پورہ کے درس قرآن سے ہوا۔انہوں نے کہا کہ قرآن پڑھنے سمجھنے اور عمل کی مقدس کتاب ہے۔اسے اللہ تعالی نے اپنے حبیب حضرت محمدصلی اللہ علیہ و سلم کے قلب اطہر پر سارے انسانوں کی ہدایت کے لئے نازل فرمایا ہے اور یہ حق وباطل میں فرق کرکے دکھانے والی کتاب ہے اسے اپنی زندگی کا دستور بنانا چاہیے اوراسی کے مطابق شب وروز گزارنا دانشمندی ہے۔ابتداء میں جناب محمد عماد الدین امیر مقامی یاقوت پورہ نے استقبال رمضان کی اہمیت کو واضح کیا اور بتلایا کہ ہم آنے والے ماہ مبارک ماہ کی عبادات کو پورے دلجمعی کے ساتھ ادا کریں اپنے اوقات کی ابھی سے تقسیم کرلیں تاکہ ہر چیز اپنے وقت اور آداب کے ساتھ پوری ہوسکے۔صدارتی خطاب میں حضرت مولانا حافظ محبوب شریف نظامی نے فرمایا کہ مسلمان قرآن حکیم کے احکام کو اپنے اوپر لاگو کرلیں خواہ عبادات ہو یا عائلی معاملات کا تعلق، سب کے سب اللہ تعالی اور اسکے حبیب صلی اللہ علیہ و سلم کی تعلیمات کے مطابق ہونا چاہیے۔اس موقع پر خطاب کرتے ہوے مولانا محمدعبدالحفیظ اسلامی،مقامی رکن شوری نے کہاکہ روزہ حصول تقوی کے لئے اللہ تعالی کی جانب سے نسخہ اکثیر قدیم ہے، جو امت محمدیہ کے لئے بھی تجویز کردیا گیااور ہر مسلمان بالغ مرد عورت پر یہ فرض ہے۔انہوں نے کہاکہ قرآن اس بات پر گواہ ہے کہ سابق میں جتنے بھی امتیں تباہ ہوئیں ہیں وہ سب تقوی سے خالی زندگی بسر کر رہے تھے ا اور آخرت کی جوابدہی کو پس پشت ڈال دیا تھا۔ڈاکٹر نعمان حسن رضوی مقامی رکن شوری ملک پیٹ نے مخاطب کرتے ہوئے احادیث طیبہ کی روشنی میں،روزہ کی اہمیت و فضیلت بیان کی۔جناب محمد بشیر احمد کی دعا پر اجتماع کا اختتام ہوا۔جناب کاظم علی بیگ نے اجتماع کی نظامت کی۔