آمد ماہ رمضان

ازقلم: نیاز جیراجپوری علیگ

آمدِ ماہِ رمضان اللہ اللہ
ماہِ اِنعام و فیضان اللہ اللہ
آمدِ ماہِ رمضان اللہ اللہ

پچھلی قوموں کی طرح مُسلمان پر
فرض روزے ہُوئے اہلِ ایمان پر
کہہ رہا ہے یہ قُرآن اللہ اللہ
آمدِ ماہِ رمضان اللہ اللہ

خوش نصیبوں کو پِھر یہ مہینہ مِلا
رحمتوں برکتوں کا خزینہ مِلا
ہو گئے قید شیطان اللہ اللہ
آمدِ ماہِ رمضان اللہ اللہ

غزوۂ بدر والا مہینہ ہے یہ
لیلتُ القدر والا مہینہ ہے یہ
اُترا اِس ماہ میں قُرآن اللہ اللہ
آمدِ ماہِ رمضان اللہ اللہ

ہِیرا موتی جواہر نگینہ ہے یہ
ہر مہینہ سے افضل مہینہ ہے یہ
ماہِ رمضان کی شان اللہ اللہ
آمدِ ماہِ رمضان اللہ اللہ

دین و دُنیا بنانے کے دِن آ گئے
مانگنے اور پانے کے دِن آ گئے
خوش ہُوئے اہلِ ایمان اللہ اللہ
آمدِ ماہِ رمضان اللہ اللہ

یاد اللہ تعالٰی کو دِن رات کر
اے نیازؔ اہتمامِ عبادات کر
ہو جائیں مُشکِلیں آسان اللہ اللہ
آمدِ ماہِ رمضان اللہ اللہ
ماہِ اِنعام و فیضان اللہ اللہ
آمدِ ماہِ رمضان اللہ اللہ