اچھے والدین بننے اور اولاد کی صحیح تربیت کرنے کے لئے والدین کو بچوں کے لئے اچھا رول ماڈل بننا لازمی ہے : ڈاکٹر حنیف لکڑاوالا

والدین کی رہنمائی کے لۓ ورکشاپ بعنوان ” بچوں کی پرورش —– چیلنجز اور حل "

بروز اتوار 26 جون 2022 جماعت اسلامی ہند ممبئی میٹرو اور گوونڈی یونٹ کے اشتراک سے گوونڈی ، نوی ممبئی اور چیتا کیمپ کے والدین کی رہنمائی کے لئے ایک ورکشاپ بعنوان ” بچوں کی پرورش —چیلنجز اور حل ” بمقام نیاز ڈگری کالج رفیع نگر گوونڈی میں منعقد کیا گیا۔
پروگرام کا آغاز قرآن کی تلاوت و ترجمہ ( سورہ طور آیت نمبر 17 تا 28 ) سے ہوا جسے حافظ بلال نے پیش کیا۔
معاون سیکریٹری ممبئی میٹرو حلقۂ خواتین ڈاکٹر فریدہ اختر نے افتتاحی کلمات میں پروگرام کی غرض و غایت پر روشنی ڈالی۔
"موبائل گیمز اور نشے کی لت —-موت کی راہ ” ، اس عنوان کے تحت ماہر نفسیات ڈاکٹر ساجد علی خان نے والدین کی رہنمائی فرماتے ہوۓ کہا کہ؛ "بچوں کے ساتھ انکی چھوٹی عمر ہی سے بات چیت کا سلسلہ شروع کیا جائے۔ ہر معاملہ ان کے زیر بحث لایا جائے۔ اس سے پہلے کہ وہ باہر سے کچھ سیکھ کر آجائے، پہلے آپ انہیں اس بات سے متعارف کروائیں ۔موبائل کی لت سے گھر کو بچانا ہے تو پہلے خود اُس سے بچنے کی کوشش کی جائے۔”
اگلا موضوع ” مجھے میرے امی ابو سے کچھ کہنا ہے ” اس موضوع ہر مشہور و معروف کاؤنسلر پروفیسر حنیف لکڑا والا نے روشنی ڈالتے ہوئے کہا کہ”بچوں کی اولین خواہش یہ ہوتی ہے کہ وہ اپنے والدین کے رشتے کو مضبوط دیکھنا چاہتے ہیں۔ اگر والدین کا آپسی رشتہ مضبوط نہیں ہوگا تو بچوں پر اسکے منفی اثرات پڑیں گے۔ ” آپ نے مزید فرمایا کہ، ” اچھے والدین بننے کے لئے والدین کو بچوں کے لئےایک اچھا رول ماڈل بننا ہوگا اور ان پر اپنی توجہ مرکوز کرنی ہوگی۔”

تیسری کلیدی گفتگو بعنوان” بچوں کی تربیت قرآن و سنت کی روشنی میں ” عابد اطہر ( امیرِ مقامی جماعت اسلامی ہند اندھیری) نے پیش کی۔ آپ نے کہا،” جب تک ہم اپنے بچوں کے لئے ایک رول ماڈل کی حیثیت اختیار نہیں کرتے، ہم انہیں اچھی باتوں کی نصیحت نہیں کر سکتے۔” سیرتِ سرورِ عالم صلی اللہ علیہ وسلم اور ان کی تعلیمات کی روشنی میں بچوں کی تربیت کس طرح کریں یہ آپ نے مختلف واقعات اور مثالوں سے واضح کیا۔
مقررین کی گفتگو کے بعد سوالات و جوابات کا سیشن رہا۔
نظامت کے فرائض انصاری عابيه (سیکریٹری شعبہ معاشرہ جی آئی او مہاراشٹر جنوب) نے ادا کیے اور پروگرام کے اختتام پر جناب عبید الرحمٰن نے تمام مہمانوں اور حاضرین کا شکریہ ادا کیا۔
ورکشاپ میں شرکاء کی تعداد تقریباً 60 رہی۔

جماعت اسلامی ہند ممبئی شہر گوونڈی یونٹ