بھٹکل، 20 ؍ ستمبر (ایس او نیوز) گزشتہ چند دنوں سے بھٹکل میں چل رہے نچھل مکّی وینکٹرمنا مندر مہادوار اور سلطان اسٹریٹ کراس پر ٹیپو سلطان گیٹ تعمیر کرنے کے تنازعہ میں مقامی رکن اسمبلی سنیل نائک نے بلاوجہ قومی سماجی ادارہ مجلس اصلاح و تنظیم کو گھسیٹنے کی کوشش کی تھی اس کے رد عمل میں تنظیم کی طرف سے اخباری بیان کے ذریعہ ایم ایل اے کے الزامات کا منھ توڑ جواب دیا گیا ہے۔
تنظیم دفتر سے جاری اخباری بیان میں کہا گیا ہے کہ مندر کا مہا دوار تعمیر کرنے کے معاملہ میں تنظیم نے نہ کسی بھی قسم کی مداخلت کی ہے اور نہ ہی ٹی ایم سی میں کوئی شکایت کی ہے ۔ ایم ایل اے سنیل نائک نے جان بوجھ کر اس معاملہ میں تنظیم کو گھسیٹا ہے اور اس بات کو عوام بھی اچھی طرح سمجھتے ہیں ۔ بات بات پر ایم ایل اے کا یہ کہنا کہ یہ پاکستان نہیں ہے ، بڑے افسوس کی بات ہے ۔ ایک ذمہ دار منصب رہنے والے شخص کو اس طرح کے بیانات زیب نہیں دیتے ۔ ایم ایل اے ہونے کی حیثیت سے تمہیں یہ بات معلوم ہونی چاہیے کہ ہم بھی اس ملک کے شہری ہیں اور ہمیں بھی اتنے ہی حقوق حاصل ہیں جتنے تم لوگوں کو حاصل ہیں۔
اخباری بیان میں سنیل نائک کو مخاطب کرکے مزید کہا گیا ہے کہ سو سال کی تاریخ رکھنے والی اس تنظیم نے کبھی بھی تمہاری جیسی پست ذہنیت کا مظاہرا نہیں کیا ہے ۔ ہماری تاریخ ہے کہ ہم نے ہمیشہ بھائی چارگی ، امن و امان اور مل جل کر جینے کی کوشش کی ہے ۔ تمہاری طرح بلاوجہ دوسروں کے مذہبی معاملات میں ناک گھسیڑنا تنظیم یا مسلم سماج کا طریقہ نہیں ہے ۔ سیاسی مفاد کے لئے تم جو چاہے کرلو ، لیکن اگر یہ سمجھتے ہو کہ یہاں کے ہندووں اور مسلمانوں میں تفریق پیدا کرنے میں کامیاب ہوجاوگے تو یقیناً یہ تمہاری بے وقوفی ہے۔