مصطفی خدا کے ہیں اور خدا محمد ﷺ کا
ہے کلامِِ رب قرآں ترجمہ محمد ﷺ کا
چن لیا ہے جس نے بھی راستہ محمد ﷺ کا
سرخ رو وہی ہوگا جو ہوا محمد ﷺ کا
خاتم نبوت نے قدس میں امامت کی
انبیاء میں ہے اعلی مرتبہ محمد ﷺ کا
رنگ و نور کی بارش نکہت زیارت سے
اب بھی جگمگاتا ہے وہ حرا محمد کا
آپ نے جلایا تھا آج بھی وہ روشن ہے
حشر تک نہ گل ہوگا یہ دیا محمد ﷺ کا
درگذر کیا سب کو کہہ کے فتح مکہ میں
آج یوم رحمت ہے فیصلہ محمد ﷺ کا
کیا غرض ہمیں ساقی لغو جام و مینا سے
جام بس پلا مجھکو ساقیا محمد ﷺ کا
کام گر ہوا ہوگا منہج رسالت پر
پھر صغیر حق ہوگا آسرا محمد ﷺ کا
نتیجۂ فکر: صغیر رحمانی، ٹکریا، سدھارتھ نگر