فیفا ورلڈکپ کا افتتاح کرنے والے قاری غانم المفتاح کون ہیں؟

ازقلم: نور حسین افضل
اسلامک اسکالر، مصنف، کالم نویس
صدر: پاکستان فیڈرل یونین آف جرنلسٹ (مشرق وسطی)

قطر میں فیفا فٹبال ورلڈ کپ کی افتتاحی تقریب کا آغاز قرآن مجید کی تلاوت سے کیا گیا۔ یہ سعادت معذور حافظ قرآن قاری غانم المفتاح کو حاصل ہوئی۔ لوگ ان کے بارے میں بڑے مشتاق ہیں، کہ قاری غانم المفتاح کون ہیں؟ اور کیا کرتے ہیں؟ ان کے بارے میں تفصیلات پیش خدمت ہیں۔
غانم المفتاح 5 مئی 2002ء کو قطر میں پیدا ہوئے، بچپن میں ہی وہ ایک ایسی بیماری کا شکار تھے، جس میں ریڑھ کی ہڈی کا زیریں حصہ نشونما نہیں پا سکتا تھا، ابتدائی تعلیم کے لیے انکی والدہ نے جب انہیں اسکول میں داخل کروانا چاہا، تو بہت سے اسکولوں نے انکار کر دیا، اور جس اسکول میں وہ بالآخر داخلہ لینے میں کامیاب ہوئے، وہاں معذوری کی وجہ سے بچے ان سے کھیلنے سے کتراتے تھے۔
تاہم انہوں نے دینی تعیمات حاصل کیں، حافظ قرآن بنے، اور آج 20 سالہ غانم المفتاح قطر کے معروف موٹیویشنل اسپیکر ہیں، اور ساتھ ہی غریسہ آئسکریم نامی کمپنی کے بھی مالک ہیں، جس کی قطر میں 6 شاخیں اور ساٹھ کے قریب ورکرز ہیں۔
غانم نے اپنے جیسے کئی بچوں اور خاندانوں کی مدد کیلئے ایک فلاحی تنظیم الغانم فاؤنڈیشن کی بنیاد بھی رکھی۔ جو دنیا بھر میں معذور افراد کو وہیل چئیر کی فراہمی یقینی بناتی ہے۔
معذوری کے بعد بھی ہر میدان میں خود کو منوانے والے غانم المفتاح 2017ء میں وہیل چئیر کے بغیر ہاتھوں کے بل عمرہ کی سعادت حاصل کر چکے ہیں۔ وہ زمانہ طالبِ علمی میں ہاتھوں میں دستانے پہن کر فٹ بال کھیلا کرتے تھے۔ فٹبال کے علاوہ غانم بہترین غوطہ خور بھی ہیں، اور سمندر میں 200 میٹر تک غوطہ خوری کے جوہر بھی دکھا چکے ہیں۔
قاری غانم المفتاح نے پہلی مرتبہ قطر میں ہونے والے "فیفا ورلڈکپ” کا افتتاح تلاوتِ قرآنِ پاک سے کیا. جس کو دنیا کے 500 سے زائد بڑے چینلز پر دکھایا گیا۔ قطر میں منعقد ہونے والا فیفا ورلڈ کپ تاریخ کا وہ پہلا ورلڈکپ ہے، جس میں ناچ گانے کے بجائے قرآنی آیات کی تلاوت سے آغاز کیا گیا۔ اور اس کا ترجمہ انگریزی زبان میں پیش کیا گیا۔
تقریب میں امریکی اداکار مورگن فری مین نے بھی شرکت کی، جنہوں اسٹیج کی زمین پر بیٹھ کر قاری غانم المفتاح سے باتیں کیں، اور اُن سے سوال کیا کہ دنیا کی اتنی ساری قومیں، ثقافتیں اور نسلیں ساتھ رہ سکتی ہیں؟ جس پر قطر کا معذور بچہ قرآن سے حل بتا رہا ہے، اور قرآن کی بہت ہی عمدہ آیات کا انتخاب کرتے ہوئے، اس سوال کا جواب دیا جن میں توحید اور مساوات کا خصوصی درس تھا۔
اس موقع پر ہالی ووڈ اداکار مورگن فری مین کا بایاں ہاتھ لوگوں کی توجہ کا مرکز بنا رہا، جس کو انہوں نے دستانے سے ڈھانپ رکھا تھا، اس بارے میں مورگن فری مین نے 2010ء میں بتایا تھا کہ ” میرے ہاتھ کی رگیں ضائع ہو گئی ہیں، اور پھر وہ ٹھیک نہیں ہو سکیں، اس لیے میں ہاتھ کو ہلا نہیں سکتا اور ایک ہاتھ سے معذور ہوں”
اس وقت جب یورپ سمیت دنیا بھر میں ایل جی بی ٹی تحریک کی سرگرمیوں پر قطر میں پابندی عائد کیے جانے پر ان کے حقوق کی بات کی جارہی تھی، وہیں قطر نے ایک معذور قاری سے ورلڈ کپ کا افتتاح کروا کر دنیا بھر کے معذور افراد کے حوصلے بلند کر کے اپنی ترجیحات دنیا کے سامنے واضح کر دی ہیں۔
میں قطر کی حکومت کو مبارکباد پیش کرتا ہوں، کہ انہوں نے ورلڈ کپ کا آغاز تلاوت قرآن مجید سے کیا۔ اور مذہبی تعلیمات کا جتنا انہوں نے دفاع کیا، اور اسے پروموٹ کیا، بلاشبہ اسپورٹس ایونٹ میں، یہ تادیر یاد رکھا جائے گا۔ اور دعاگو ہوں اس قاری قرآن کے لیے ان الفاظ سے ” اے غانم المفتاح اللہ تجھے عزت، عظمت، بلندی، ترقی، اور مزید عروج عطا فرمائے۔ آمین یا رب العالمین

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے