مسجد سید دریا واسلامک سنٹر،کشن باغ کی جانب سے نمازِ فجر باجماعت مسلسل چالیس دنوں تک ادا کرنے پر بچوں کو تہنیت

  • ناظم شہر حافظ محمد رشاد الدین، قاضی حافظ محبوب شریف نظامی، سید تفضل احمد و دیگر کا اظہار خیال

حیدرآباد: 18 دسمبر
مسجدسید دریا واسلامک سنٹر،کشن باغ،بہادر پورہ کی جانب سے معصوم ہونہار بچوں کو نمازِ فجر باجماعت مسلسل چالیس دنوں تک ادا کرنے پر بطور تہنیت و ہمت افزائی نقد انعامات کے علاوہ سائیکلیں بطور تحفہ دی گئیں۔مسجدسید دریا واسلامک سنٹر،اسد بابا نگر کشن باغ میں پڑھنے والے طلبہ نے اس موقع پر بہترین تعلیمی مظاہرہ بھی پیش کیا۔ مہمان خصوصی جناب حافظ محمد رشاد الدین، ناظم شہر جماعت اسلامی ہند شہر عظیم تر حیدرآبادنے اپنے خطاب میں کہا کہ حدیث میں آیا ہے کہ نبی کریم ﷺ نے فرمایا کہ جوشخص صبح کی نماز پڑھتا ہے وہ اللہ کے ذمہ اور اسکی حفاظت میں ہوجاتاہے۔گویا وہ اپنے آپ کو اللہ کی حفاظت میں دے دیتاہے۔ایک اور حدیث کے الفاظ ہیں کہ جب لڑکا سات سال کا ہوجائے تو اسے نماز پڑھنے کا حکم دو اور جب دس سال کا ہوجائے تو نماز کے لئے اسے مارسکتے ہو۔ناظم شہر نے بچوں کے لئے اس طرح کے مقابلے جات منعقد کرنے اور انہیں نمازِ باجماعت کی ترغیب دینے پر مسجدسید دریااسلامک سنٹر کے منتظمین،یہاں کے اساتذہ، امام و موذن کو مبارک باد پیش کی اور ان کے حق میں دعائے خیر فرمائی۔ ممتاز عالم دین مولاناحافظ قاضی محبوب شریف نظامی نے اپنے بصیرت افروز خطاب میں کہا کہ ہم بچوں کو معمولی نہ سمجھیں،یہی بچے مستقبل کے معمار ہوتے ہیں۔ بچوں کو بچپن سے ہی اسلامی عادات و اطوار کا پابند بنائیں۔بچپن میں جو باتیں بچوں کے ذہن و دل پر نقش ہوجاتی ہیں اسکے اثرات تاعمر باقی رہتے ہیں۔ اس تعلق سے انہوں نے صحابہ اکرا م ؓ کی مبار ک وروشن زند گیوں سے اہم واقعات بھی پیش کئے۔ صدر انتظامی کمیٹی مسجدسید دریا واسلامک سنٹر،کشن باغ،جناب سید تفضل احمدنے اس موقع پر سید دریا ٹرسٹ کی جانب سے انجام دئے جانے والے فلاحی سرگرمیوں کی رپورٹ وتفصیلات پیش کیں، انہوں نے کہا کہ اس پروگرام کے زریعہ بچوں کو نمازوں بالخصوص نمازِ فجر کا پابند بنانے کی کوشش کی گئی۔اور الحمدللہ،بچوں اور سرپرستوں نے اس کو کامیاب بنایا۔تقریب تقسیم انعامات و اسنادات میں اولیاء طلبہ،اساتذہ اکرام کے علاوہ جناب سید جنید احمد،انجنیئر محمد سراج،جناب محمد حسام الدین متین،جناب امین احمد،قاضی محمد وحید الدین و دیگر معززین بھی شریک تھے۔امیر مقامی بہادر پورہ جناب محمد عمران نے پروگرام کی نظامت کی۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے