سعادت گنج ، بارہ بنکی:(ابوشحمہ انصاری) آج بنوک پوسٹ سعادت گنج واقع ایم آئی میموریل انٹر کالج کے وسیع ہال میں انگلش میڈیم کے طلبہ و طالبات کے سرپرستوں اور اساتذہ کی ایک میٹنگ منعقد ہوئی۔ جس میں کالج کے مینیجر محمدمستقیم انصاری نے آئے ہوئے تمام سرپرستوں کا کالج تشریف لانے پر استقبال اور اظہار تشکر پیش کیا۔ اس میٹنگ میں کالج کے پرنسپل منوج کمار ورما نے بچوں اور ان کے سرپرستوں کو کالج کے تعلیمی نظام اورتعلیم کی اہمیت پر ضروری ہدایات دیں۔ اس موقع پر کالج کے مینیجر مستقیم انصاری نے کہا کہ تعلیم کسی بھی قوم کی سماجی و اقتصادی ترقی کے لئے کافی اہم ہوتی ہے۔ تعلیم ایک فرد کو کام کرنے اور زندگی میں سبقت حاصل کرنے کے لئے بہتر سہولیات فراہم کرتی ہے۔ یہ ایک صحیح راستہ دکھا کر انسان کو کامیابی کی طرف لے جاتی ہے۔ اور یوں وہ اعلیٰ خود اعتمادی حاصل کرکے خوشگوار زندگی سے لطف اندوز ہوتا ہے۔ تعلیم ہر انسان چاہے وہ امیر ہو یا غریب ، مرد ہو یا عورت ، یہ اس کی بنیادی ضروریات میں سے ایک ہے۔ یہ انسانوں کا حق ہے۔ جسے کوئی چھین نہیں سکتا۔ انسان اور حیوان میں فرق تعلیم ہی کی بدولت ہے۔
میٹنگ میں موجود مولانا غفران قاسمی نے تعلیم کی اہمیت پر روشنی ڈالتے ہوئے کہا کہ تعلیم خوراک کی طرح ہی انسان کے لئے ضروری ہے۔تعلیم جہالت کے اندھیروں میں روشنی کی کرن ہوتی ہے۔ تعلیم اس دنیا پر ہر انسان کا بنیادی حق ہے۔ دنیا کی ترقی کا مکمل انحصار تعلیم پر ہوتا ہے۔ اس لئے ہمیں تعلیم کو فروغ دے کر جہالت کو دور کرنا چاہیے۔ تعلیم کی اہمیت کو واضح کرنے کے لئے نیلسن منڈیلا نے کہا تھا کہ تعلیم سب سے طاقتور ہتھیار ہے جسے آپ دنیا کو بدلنے کے لئے استعمال کر سکتے ہیں۔ دوسری طرف ان پڑھ لوگ احساس کمتری کا شکار ہو جاتے ہیں اور زندگی میں کبھی کامیاب نہیں ہوتے۔ اس میٹنگ میں محمداصغر انصاری ، محمد آصف انصاری ، نیاز راعین ، شاہد شوکت ،محمد رفیع رامپور ، ماسٹرمحمداسرار ، حافظ محمدجنید ، ڈاکٹر شاہ خالد ، ماسٹرمحمدعارف ، ماسٹرمحمدسفیان ، ڈاکٹرمحمد رضوان وغیر نے شرکت فرمائی۔ کالج میں سرپرستوں کی اگلی میٹنگ فروری کے مہینے میں منعقد کی جائے گی۔