تھانے ۱۳؍جولائی
گزشتہ کل بعد نماز عشاء متصلاً بوقت ساڑھے نو بجے،بمقام مسجد و مدرسہ عمر فاروق ،پہلی رابوڑی تھانہ میں جمعیۃعلماء شہر تھانہ کی منتظمہ کی ایک اہم میٹنگ برائے تعزیت الحاج مولانا مستقیم احسن اعظمی ؒصدر جمعیۃعلماء مہاراشٹر ،زیر صدارت الحاج حافظ محمد عارف انصاری صدر جمعیۃعلماء شہر تھانہ،جناب ایاز الدین شیخ صاحب جنرل سکریٹری جمعیۃعلماء شہر تھانہ کی دعوت پر منعقد کی گئی ،جس میں ممبران کے علاوہ شہر کی مقتدر شخصیات بھی شریک رہیں ۔
محترم متین شیخ صاحب نائب صدر جمعیۃعلماء شہر تھانہ نے افتتاحی خطاب میں مولانا مرحوم کے حالات زندگی اور جمعیۃ سے مولانا مرحوم کی وابستگی اور پھر قوم و ملت اور جمعیۃکے لئے ان کی قربانیوں کا تفصیلی خاکہ پیش کیا ، اور مولانا سے چند اپنی نجی ملاقاتوں کا بھی تذکرہ کیا ۔
متین شیخ صاحب کے تفصیلی افتتاحی کلمات کے بعد الحاج محمد عارف انصاری صاحب نے بھی مولانا مرحوم سے اپنی مخصوص ملاقات
کا تذکرہ کرکے یہ بتایا کہ مولانا مرحوم ہمیشہ جمعیۃ کے کاموں کے لئے کتنے مستعد اور فکر مند رہا کرتے تھے ،اور قوم و ملت کے کسی بھی کام کے لئے جمعیۃعلماءکے پلیٹ فارم سے ہمہ وقت تیار رہتے تھے ،حافظ محمد عارف انصاری صاحب کے بعد مولانا سعید احمد صاحب امام و خطیب مسجد ابو بکر صدیق کرانتی نگر رابوڑی و نائب صدرجمعیۃعلماء شہر تھانہ نے بھی مولانا کی گو ناگوں خصوصیات کا تذکرہ کیا اور بتایا کہ مولاناکسی بھی کام کو فوراً کرنے کے لئے تیار ہوجاتے تھے۔
اخیر میں مولانا سعید احمد صاحب کی دعا پر اس پروگرام کا اختتام ہوا۔اس پروگرام میں مولانا طفیل احمد صاحب ،جناب فاروق کھتری صاحب ،آصف پٹیل صاحب ،ابراہیم شیخ صاحب،سعید اختر صاحب،اسلم شیخ صاحب ،سراج قریشی صاحب،شبیر شیخ صاحب،حافظ عبد الصبور صاحب،رقیب اللہ سبحانی صاحب،سالم گھاوٹے صاحب اور بھی بہت سارے احباب موجود رہے ۔