- سیکولر ملک میں رکشک ہی بھکشک بنا دیئے گئے، گلزار اعظمی
ممبئی 1/ اگست
مودی اور یوگی بھکت آر پی ایف کانسٹبل کی جانب سے چار لوگوں کو چلتی ٹرین میں موت کے گھاٹ اتار دینے والے واقع پر اپنا رد عمل ظاہر کرتے ہوئے جمعیۃ علماء مہاراشٹر(ارشد مدنی) قانونی امدادکمیٹی کے سربراہ گلزاراعظمی نے کہا کہ موجودہ دور حکومت میں نفرت اپنی انتہا پر پہنچ چکی ہے اور مسلم دشمنی کا یہ عالم ہے کہ اب تو محافظ ہی قاتل بن چکے ہیں۔
گلزار اعظمی نے کہا کہ یہ کوئی عام واقع نہیں ہے جسے گودی میڈیا بتارہا ہے، یہ دہشت گردی ہے اورمسلمانوں کے خلاف ایک منظم دہشت گردی ہے۔ کانسٹبل تو گرفتار ہوگیا لیکن اس کی ذہین سازی اور اسے یہ گھناؤنی حرکت کرنے کے لیئے اکسانے والے کب گرفتار ہونگے؟ ان پر کب کارروائی ہوگی؟
گلزار اعظمی نے کہا کہ گذشتہ دس سالوں میں ملک میں مسلمانوں کے خلاف جتنی نفرت بڑھی ہے اور انہیں پریشان کرنے کا جو سلسلہ شرو ع ہوا، آزادی کے بعد سے65/ سالوں میں ایسا نہیں ہوا تھا۔ ماب لنچنگ سے لیکر گؤ رکشک کے نام پر مسلمانوں کو ہراساں کرنا اور انہیں قتل کردینا عام ہوتے جارہا ہے۔ مسلمانوں کے خلاف جرائم میں لگاتار اضافہ صرف ایک مخصوص سیاسی پارٹی کے دور اقتدار والی ریاستوں میں ہورہا ہے۔مسلمانوں کے لیئے زمین تنگ کی جارہی ہے، نفرت کا یہ عالم ہے کہ ڈاڑھی ٹوپی دیکھتے ہی زدوکوب کیا جانے لگتا ہے، نفرت آمیز فقرے کسے جاتے ہیں، جئے شری رام، وندے ماترم وغیرہ کے نعرے لگانے پر مجبور کیا جاتا ہے۔دھرم سنسد کے نام پر ملک کے مختلف علاقوں میں بڑے بڑے جلسے منعقد کیئے جارہے جس میں کھلے عام مسلمانوں کو قتل کرنے کی بات کہی جارہی ہے، سپریم کورٹ کی سخت ہدایت پر مقامی پولس انتظامیہ میں خاطیوں پر کارروائی کرنے پر ناکام رہی ہے جس اس بات کا اشارہ ہے کہ پولس کو کارروائی کرنے سے روکا جارہا ہے، نفرت پھیلانے والوں پر کارروائی نا کرنے کے نتائج آج ہمارے سامنے ہیں۔
گلزار اعظمی نے کہا کہ مجاہدین آزادی کے خوابوں کا ہندوستا ن ایسا تونہیں تھا، آزادہندوستان میں تما م قوموں کو سکون کی زندگی، اپنے مذہب پر عمل کرنے کی آزادی، روزی روزگار کی آزادی کا جو خواب دیکھا گیا تھا آج ہندوستان میں اس کے برعکس ہوتا دکھائی دے رہا ہے۔مسلمان نا تو محفوظ ہے اور نہ ہی وہ اپنی مذہبی شناخت کے ساتھ جی سکتا ہے۔مسلمانوں کا معاشی رہائشی بائیکاٹ عام بات ہوچکی ہے۔
گلزار اعظمی نے کہا کہ اب وقت آچکا ہے کہ ہندوستان کی بقاء کے لیئے موجودہ فاشسٹ حکومت کو کھدیڑا جائے اور ملک میں ایک سیکولر حکومت کا قیام عمل میں لایا جائے جو ہندوستان میں بسنے والی تمام قوموں کی محافظ ہو۔موجودہ حکومت ہر محاذ پر ناکام ہوچکی سوائے مسلمانوں کے خلاف نفرت پیدا کرنے کے۔