تحریر: محمد ضیاءالحق ندوی
ایک عظیم اوربابرکت مہینہ ہم پرسایہ فگن ہے،جو تین عشروں پر مشتمل ہے اوراب اپنے اختتام کوپہنچ رہا ہے ،حضرت سلمان فارسی رضی اللہ عنہ سےمروی ہے کہ رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم نےفرمایا ” رمضان کاپہلاعشرہ رحمت،دوسراعشرہ مغفرت اورتیسراعشرہ جہنم سے آزادی کاہے، ہم سب اس مبارک مہینہ کے آخری عشرہ میں قدم رکھ چکےہیں،یوں تو پورے مہینہ کی فضیلت تمام مہینوں سے بڑھ کر ہے، لیکن اس مہینہ کے آخری عشرہ کی فضیلت کچھ زیادہ ہی ہے،اس عشرہ میں ایک ایسی رات ہے جوہزارمہینوں سےبہتر ہےجس میں اللہ تعالی نے قرآن مجیدکو نازل فرمایا جوانسانیت کےرشدو ہدایت کی بہترین دلیل ہے، اور اس عشرہ اخیرہ میں ایک اہم عمل اور عبادت اعتکاف ہے اور اس کامقصد لیلۃالقدر کو پانا ہے جب یہ عشرہ اخیرہ آتا رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم اس کاپرتپاک استقبال فرماتےتھے،اس عشرہ میں آپ صلی اللہ علیہ وسلم عبادت و ریاضت اورتلاوت وغیرہ کاخوب اہتمام فرماتےتھے اور جتنی عرق ریزی کے ساتھ اس عشرہ میں عبادت وتلاوت وغیرہ کی پابندی فرمایاکرتے اتنی زیادہ رمضان کے دیگرعشروں میں نہیں فرماتے تھے،حضرت عائشہ رضی اللہ عنہا فرماتی ہیں "رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم آخری عشرہ میں عبادت میں جس قدر محنت فرماتے تھے اتنا دوسرے ایام میں نہیں فرماتے تھے، نیزفرماتی ہیں کہ جب آخری عشرہ شروع ہوجاتا تو نبی صلی اللہ علیہ وسلم رات بھر بیدار رہتے اپنی کمرکس لیتے اور اپنے اہل خانہ کوبھی جگاتے تھے، حضرت حسن بصری رحمۃاللہ علیہ نبی اکرم صلی اللہ علیہ وسلم کاارشاد مرسلانقل فرماتے ہیں کہ اللہ تعالی رمضان المبارک کی ہررات میں چھ لاکھ لوگوں کوجہنم سے آزاد فرماتےہیں،اور جب آخری رات ہوتی ہے توگزشتہ آزادشدہ لوگوں کےبقدرآزاد کئےجاتے ہیں. لیکن افسوس کہ آج امت مسلمہ کی ایک بڑی تعداد خواب غفلت میں پڑے رہتے ہیں ناہی شب قدر جیسی عظیم رات سے کوئی دلچسپی ہوتی ہے اورناہی قرآن مجیدسے سلام ودعا،ہماراحال تو یہ ہوتاکہ کم ازکم اس اخری عشرہ میں بھی خوب عبادت وریاضت ،ذکرو تلاوت سےاپنی زندگی کو معمورکرلیتے اور اشراق و اوابین کی نمازکااہتمام کر کے جہنم کی آگ سے اپنے آپ کوآزاد کرلیتے.
قارئین کرام! اب تو ماہ رمضان ہم سے رخصت ہورہا ہے پھرکسی کویہ مبارک ماہ اوراس کی بابرکت گھڑیاں نصیب ہوں یا نہ ہوں اس لئے آییے ہم عہدکریں کہ ان چنددنوں میں بھی نیکیوں سے اپنی جھولیاں بھرلیں ،دعاو مناجات سے اپنےرب کو منالیں اور توبہ و استغفار سے اپنے آپ کو جہنم کی دہکتی ہوئی آگ سے آزاد کرلیں.
اللہ سےدعاگوہوں کہ ہم سبہوں کی عبادت کو قبول فرمائے. آمین یارب العالمین