- وزیر اعلی بہار جناب نتیش کمار اردو زبان کو لے کر کافی حساس ہیں : عبدالسلام انصاری
- اردو زبان کے سوال پر منظم و پر امن تحریک قائم کرنے کی ہے ضرورت : محمد رفیع
پٹنہ، 31/ اگست،(ہمارا پیام) سبزی باغ واقع روزنامہ قومی تنظیم کے دفتر میں اردو زبان کے در پیش مسائل کو لے کر اردو ایکشن کمیٹی بہار کے صدر و قومی تنظیم کے مدیر اعلی جناب اشرف فرید کی صدارت میں ایک اہم نشست منعقد ہوئی جس میں بہار اسٹیٹ مدرسہ ایجوکیشن بورڈ پٹنہ کے سابق چیئرمین و ڈپٹی ڈائریکٹر سیکنڈری ایجوکیشن بہار جناب عبدالسلام انصاری، قومی اساتذہ تنظیم بہار کے ریاستی کنوینر و آزاد صحافی محمد رفیع، قومی تنظیم کے مدیر ایس ایم طارق فرید، قومی اساتذہ تنظیم بہار کی ریاستی مجلس عاملہ کے رکن نسیم اختر، ڈھاکوی اکیڈمی آف انڈر گریجویٹ لرننگ کے چیئرمین منہاج ڈھاکوی، زیدی حسن آزاد اور محمد ربانی منہاج وغیرہ موجود تھے۔ اس موقع پر جناب اشرف فرید نے وزیر اعلی بہار جناب نتیش کمار کے کاموں کی ستائش کی اور کہا کہ اردو زبان کی فلاح کے لئے انہوں نے جو کام کیا ہے قابل تعریف ہے لیکن افسران کی غلطیوں کا خمیازہ ہمیں بھگتنا پر رہا معزز وزیر اعلی بہار کا اس جانب دھیان مبذول کرانا ضروری ہے۔ جناب عبدالسلام انصاری نے اس موقع پر کہا کہ وزیر اعلی بہار جناب نتیش کمار اردو زبان کو لے کر کافی حساس ہیں لیکن معلوم ہوتا ہے کہ کچھ ایسے مسائل بھی ہیں جو ان کے روبرو نہیں لائے جا رہے ہیں، اس سمت میں قدم بڑھانے کی ضرورت ہے۔ وہیں جناب محمد رفیع نے کہا کہ اردو کی لازمیت و اردو کے مختلف مسائل پر ایک منظم، پرامن تحریک قائم کرنے کی ضرورت ہے۔ جناب رفیع نے یہ بھی کہا کہ بہت جلد ہم لوگ اس سمت ٹھوس قدم اٹھانے کے خواہاں ہیں۔ جناب اشرف فرید صاحب جیسی شخصیتوں کی سرپرستی میں پروفیسر عبدالمغنی اور غلام سرور صاحب کے خواب کو شرمندۂ تعبیر بنایا جائے گا۔ جناب رفیع نے یہ بھی کہا کہ اس سلسلے میں ڈاکٹر ریحان غنی، اشرف النبی قیصر اور اردو کونسل ہند کے ناظم اعلی جناب اسلم جاویداں وغیرہ سے بھی ہماری گفتگو ہو رہی ہے، انشاء اللہ بہت جلد اس کا ثمرہ ملے گا۔