زیدپور کی مسجدِ عثمانی محلہ مہدی کٹرہ میں "اسلام،عورت اور پردہ” کے عنوان پر جلسہ
بارہ بنکی(محمد مدثر):اسلام نے عورتوں کو ایک بلند رتبہ عطا کیا ہے،زمین سے اٹھا کر ثریا تک پہنچایا ہے،اسلام میں ماں کا رتبہ بڑا عظیم ہے،اسلام آیا تو عورتوں کو حیاتِ نو ملی مذکورہ خیالات کا اظہار قاری محمد عثمان ندوی استاذ جامعہ نورالعلوم زیدپور نے مسجدِ عثمانی محلہ مہدی کٹرہ میں "اسلام،عورت اور پردہ” کے عنوان پر منعقد ہونے والے جلسہ سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔
مولانا محمد اسجد ندوی خطیب بڑی عیدگاہ زیدپور نے کہا کہ اسلام کی آمد سے قبل دنیا کے مختلف مذاہب میں عورتوں کی کوئی وقعت نہ تھی یہاں تک کی ملک عرب میں لڑکیوں کو زندہ درگور کرنے کی رسم اپنے شباب پر تھی، اسلام نے اس جائرانہ رسم کا خاتمہ کیا اور عورتوں کو حقوق دلائے۔
مولانا نے کہا کہ اسلام نے عورتوں کو پردہ کا حصار عطا کرکے ان کی عزت و عصمت، پاکدامنی و عفت کی حفاظت کی میری مائیں اور بہنیں ہر دور میں اسلام کی ممنون و مشکور رہیں، اور کبھی بھی اپنے حجاب سے سودا نہ کریں۔
امامِ مسجد و منیجر مدرسہ جامعہ عربیہ امدادالعلوم حافظ فضیل احمد کی صدارت و مولانا محمد خالد ندوی کی نظامت میں منعقد ہونے والے جلسہ کا آغاز مولوی ابرار الحق کی تلاوت و حافظ محمد اسامہ کی نعت و منقبت سے ہوا۔
اس موقع پر حاجی محمد ابراہیم،کلیم چودھری،ماسٹر جاوید اختر،حاجی عمر علی،حافظ ابو ہریرہ،حاجی اسلام الدین،حافظ ضمیر احمد، اسرار الحق، اسلام الدین، محمد جمال سمیت کثیر تعداد میں لوگ موجود تھے۔جلسہ کا اختتام مولانا محمد اسجد ندوی کی دعا پر ہوا۔
اس سلسلہ کا اگلا پروگرام مکہ مسجد اسمٰعیل گنج کربلا میں 10 ربیع الاوّل بروز سنیچر "واقعہ ہجرت امت کے لئے ایک سبق” کے عنوان پر منعقد ہوگا جس کو مولانا محمد سرتاج قاسمی،قاری محمد عثمان ندوی اور قاری ابوبکر ثاقبی خطاب فرمائیں گے۔