ناشاد اورنگ آبادی پر کتاب کی رسم رونمائی

پٹنہ/ 25 ستمبر 2024
ناشاد اورنگ آبادی ایک اچھے شاعر اور مخلص انسان تھے۔ ان کے کئی شعری مجموعے منظر عام پر آ چکے ہیں اور آج ان کی شخصیت اور شاعری پر معروف شاعر و صحافی ڈاکٹر بسمل عارفی کی کتاب ” ناشاد اورنگ آبادی : شخص اور شاعر ” کا اجراء عمل میں آیا ہے۔ میں ڈاکٹر بسمل عارفی کو مبارکباد پیش کرتا ہوں۔ اس کتاب کی اشاعت سے ناشاد اورنگ آبادی کی زندگی کے مزید گوشوں کو جاننے اور ان کی شاعری کے جوہر کو سمجھنے میں آسانی ہوگی۔ ان خیالات کا اظہار کرتے ہوئے امتیاز احمد کریمی نے آگے کہا کہ اپنے بزرگوں کو اسی طرح یاد کیا جاناچاہیے تاکہ ان کے فن اور ان کی شخصیت سے نئی نسلی بھی واقف ہوتی رہے۔ میں فرزندان ناشاد اورنگ آباد کو بھی مبارکباد پیش کرتا ہوں کہ انہوں نے ایک خوبصورت محفل آراستہ کی۔

گورنمنٹ اردو لائبریری پٹنہ میں ” علمی مجلس بہار ” کے زیراہتمام منعقد تقریب میں گورنمنٹ اردو لائبریری کے چئیرمین ارشد فیروز، ریٹائرڈ جج اکبر رضا جمشید، خورشید اکبر، فخرالدین عارفی، ظفر صدیقی، معین کوثر، وسیم اورنگ آبادی،عادل ادیب وغیرہ نے ناشاد اورنگ آبادی سے اپنے دیرینہ تعلقات کا اظہار کرتے ہوئے، انکی شخصیت اور ان کی شاعری پر اظہار خیال کیا۔ کتاب کے مرتب ڈاکٹر بسمل عارفی نے کتاب کی اشاعت کا مقصد اور اس کی افادیت پر گفتگو کی۔ اس سیشن کی صدارت ارشد فیروز نے کی۔ پروگرام کے دوسرے سیشن میں مشاعرہ ہوا جس کی صدارت خورشید اکبر نے فرمائی، دونوں سیشن کی نظامت علمی مجلس بہار کے سکریٹری پرویز عالم نے بہ حسن و خوبی ادا کی ۔

مشاعرہ میں خورشید اکبر، ظفر صدیقی، بسمل عارفی، معین کوثر، مرغوب اثر فاطمی، سلطان شمسی، وارث اسلام پوری، نعیم صبا، نصر عالم نصر، معین گریڈوی، نذر فاطمی، اے کے علوی، اشفاق عادل، آصف وکیل، م اشرف، افتخار عاکف، خالد آزاد، شمع کوثر شمع، رخسانہ صدیقی، معصومہ خاتون، شمع ناسمین نازاں، وسیم اورنگ آبادی وغیرہ نے اپنے کلام سے سامعین کو محظوظ کیا۔ آخر میں پروگرام کے کنوینر وسیم اورنگ آبادی نے سبھی مہمانان گرامی، شعرا کرام اور سامعین کا شکریہ ادا کیا۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے