ہمارے اولیائے عظام کی مزاروں پر بھی ہندوتوا بلڈوزر

گجرات کے پٹن میں تاریخی مساجد اور مزاروں پر بلڈوزر, ہندوتوادی سرکار کی انتہائی ظالمانہ کارروائی پر یہ سنّاٹا کیوں ہے؟

ازقلم: سمیع اللہ خان

یہ خبر انتہائی تکلیف دہ ہے بلکہ میرے لیے تو اذیت کا سبب ہے کہ گجرات میں اتنی بڑی ہندوتوادی کارروائی ہوگئی لیکن پورے ملک کی مسلم قیادت پر سناٹا چھایا ہوا ہے، کیا ہم اپنے اولیاء کی قبروں کو لےکر بھی اتنے زیادہ بےحس ہوچکے ہیں ؟
گجرات سرکار نے پٹن یا سومناتھ میں ہماری تاریخی مسجدوں، قبرستان اور اولیائے کرام کی مزاروں پر بلڈوزر چڑھا دیا ہے، پانچ سو سالہ قدیم مزاروں کو منہدم کردیا گیا ہے،
بڑی بھاری پولیس فورس لگا کر ایکڑوں پر پھیلی ہوئی ان تاریخی یادگاروں، پر بلڈوزر چلا دیا گیا ۔
ہندوتوادی سرکار نے پٹن میں بڑا قبرستان، جعفر مظفر مزار اور مسجد ، سید قبرستان، شاہ پیر سالار مسجد، مہرولی شاہ، غریب شاہ مستان شاہ مزار سمیت مساجد پر بلڈوزر چڑھا دیا، مقامی مسلمانوں نے جب کانگریس کے ایم ایل اے سے مدد حاصل کرنا چاہی تو اس نے بھی کانگریسی فطرت کے عین مطابق دھوکہ دیا۔
قبرستانوں اور مزاروں پر بلڈوزر چلانے کا کیا مطلب ہے ؟ سوائے اس کے کہ یہ لوگ مسلمانوں کے خلاف نفرت اور انتقام کی آگ میں جھلس کر پاگل ہوچکے ہیں یہ ہمارے اولیائے کرام کی قبروں تک کو اکھاڑ رہے ہیں، عظیم ترین اولیا کی مزاروں کو نیست و نابود کر رہے ہیں یہ کیسا وحشی پن اور درندگی ہے؟؟؟ ان کے دلوں میں اسلام اور مسلمانوں کے لیے کیسی دشمنی ہوگی اندازہ لگا سکتے ہیں آپ، یہ قبروں کو اکھاڑ رہے ہیں؟؟؟
جبکہ اس دوران تو سپریم کورٹ کا حکم بھی تھا کہ ابھی ملک میں کوئی بلڈوزر کارروائی نہیں ہوگی۔ اس کےباوجود مساجد ، مزار اور قبرستانوں کو بلڈوزر سے زمین بوس کردیا گیا گجرات سرکار نے اس طرح گویا کہ کھلم کھلا سپریم کورٹ آف انڈیا کے آرڈر پر بھی بلڈوزر چلا دیا ۔ ہندوتوادی چیرہ دستیوں کے سامنے کیا حیثیت رہ گئی ہے اس ملک میں عدالتوں اور سپریم کورٹ کی؟؟؟
یقین جانیے اللہ کے ان برگزیدہ بندوں ، محمد صلی اللہ علیہ وسلم کے قافلے کے عظیم صوفیاء اور اولیاء کی قبروں پر بلڈوزر چلانے کا واقعہ معمولی حادثہ نہیں ہے یہ ایک بہت بڑا سانحہ اور المناک واردات ہے اس کا انجام بہت برا ، بہت برا ہوگا، مسلمانوں کی تمام قیادت کو سب کچھ چھوڑ کر فوری طور پر پٹن کا رخ کرنا چاہیے تاریخی احتجاج کرکے ان بلڈوزر زدہ مقامات کو واپس اپنی تحویل میں لے کر ان کی حفاظت کرنا چاہیے، اگر مسلم قیادت نے اس معاملے میں ایمانی فریضہ ادا نہیں کیا تو اس کو پچھتانا پڑےگا، نیز اہل اللہ کی قبروں پر بلڈوزر چڑھانے والی سرکار کو اس ظلم کی روحانی نحوست کا سامنا کرنا پڑےگا اس مردود و ملعون سرکار کا انجام عبرتناک ہوگا، اور یہ منحوس ظالمانہ اور شیطانی کارروائی ان کے زوال کا سبب بنے گی۔
ائے اللہ تو ہمیں معاف کرنا ہماری آنکھوں کے سامنے تیرے برگزیدہ بندوں کی مزاروں پر بلڈوزر چلا دیا گیا یہ ہماری بہت بڑی ناکامی ہے، ائے اللہ ہمارے قائدین کو کم از کم اس معاملے میں اتنی ہمت و قوت عطا فرما کہ وہ مشائخ عظام کی مزاروں کو محفوظ کرسکیں اور ایسا شیطانی ظلم کرنے والی سرکار کو ہلا کر رکھ دیں۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے