یونیفائیڈ ایجوکیشن فاؤنڈیشن کی جانب سے جوگیشوری میں "پرورش” کے عنوان سے پیرنٹل گائیڈنس ورکشاپ کا انعقاد

والدین کو چاہیے کہ وہ اپنے بچوں کو محبت سے قریب لائے تاکہ وہ اپنی زندگی کے مسائل کھل کر بیان کرسکیں: عقیل میاں عبد الرشید

یونیفائیڈ ایجوکیشن فاؤنڈیشن نے 5 اکتوبر 2024، بروز ہفتہ، جوگیشوری کے فاروق ستار عمر بھائی اسکول برائے طلبہ میں پیرنٹل گائیڈنس ورکشاپ کا انعقاد کیا۔ یہ ورکشاپ صبح 9:30 بجے سے 11:00 بجے تک جاری رہی، جس کا مقصد والدین کو بچوں کی تعلیم و تربیت کے حوالے سے ضروری رہنمائی فراہم کرنا تھا۔

پروگرام کا آغاز تلاوتِ قرآن مجید سے کیا گیا، جس کی سعادت فوزیہ پٹیل نے حاصل کی۔ انہوں نے سورہ التحریم کی آیت نمبر 6 کی تلاوت اور ترجمہ پیش کیا۔ اس کے بعد، یونیفائیڈ ایجوکیشن فاؤنڈیشن کے زیرِ اہتمام ورکشاپ کے اغراض و مقاصد پر روشنی ڈالی گئی۔

ورکشاپ کا افتتاحی خطاب ممبئی میٹرو سیکریٹری ریحانہ دیشمکھ نے کیا۔ انہوں نے اپنے کلمات میں کہا کہ بچوں کی پرورش اور تعلیم ہمیشہ سے والدین کے لئے ایک چیلنج رہی ہے، مگر آج کے دور میں ٹیکنالوجی اور سوشل میڈیا کے بڑھتے ہوئے رجحانات نے اس عمل کو مزید پیچیدہ بنا دیا ہے۔ انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ بچوں میں سوشل میڈیا اور ڈیجیٹل گیجٹس کے زیادہ استعمال کی وجہ سے تعلیم سے عدم دلچسپی، بڑوں کے احترام میں کمی، اور دیگر مسائل جنم لے رہے ہیں، جس کی وجہ سے والدین کو نئی راہیں اپنانے کی ضرورت ہے۔

ورکشاپ کے مرکزی مقرر، میونسپل اسکول کے ریٹائرڈ ہیڈ ٹیچر عقیل میاں عبدالرشید نے "بچوں کی تعلیمی رہنمائی میں والدین کا کردار” کے موضوع پر خطاب کیا۔ انہوں نے والدین کو نصیحت کی کہ وہ اپنے بچوں کے ساتھ روزمرہ کے کاموں میں وقت گزاریں، ان کی تعلیمی ضروریات کو سمجھیں اور جہاں وہ کمزور ہوں، وہاں ان کی مدد کریں۔ انہوں نے زور دیا کہ والدین کو اپنے بچوں کے رویوں پر نظر رکھنی چاہئے، انہیں محبت سے قریب لانا چاہئے تاکہ وہ اپنی زندگی کے مسائل کھل کر بیان کرسکیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ ماں بچے کی پہلی استاد ہوتی ہے اور ماں کی ذمہ داری ہے کہ وہ بچے کی زبان، اخلاق اور دین کی نشوونما کرے۔

ورکشاپ کے دوران والدین نے مختلف سوالات کیے اور بچوں کی پرورش سے متعلق مسائل پر گفتگو کی۔ اس انٹرایکٹو سیشن میں والدین نے گرمجوشی سے حصہ لیا اور مقررین سے رہنمائی حاصل کی۔

پروگرام کی نظامت کے فرائض عتیق الرحمن (رکن جماعتِ اسلامی ممبئی) نے خوش اسلوبی سے ادا کیے، جب کہ اسکول کے پرنسپل ایوب عثمانی نے یونیفائیڈ ایجوکیشن فاؤنڈیشن اور شرکاء کا شکریہ ادا کیا۔ اس ورکشاپ میں تقریباً 75 والدین نے شرکت کی اور اس مفید سیشن سے بھرپور استفادہ کیا۔

یونیفائیڈ ایجوکیشن ٹرسٹ

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے