ادارہ تحفیظ القران فیض کالونی میں جلسہ دستار بندی آج، تمام تیاریاں مکمل

ملک کے نامور علماء و شعراء کریں گے شرکت: قاری ذکی انور عرفانی

مظفرپور، 18/ اکتوبر (وجاہت، بشارت رفیع) شہر کے فیض کالونی میں واقع ادارہ تحفیظ القران میں جلسہ دستار بندی بعنوان پیغام قران کانفرنس کا انعقاد کیا گیا ہے، ادارہ کے ناظم قاری ذکی انور عرفانی نے بتایا کہ اس سال مدرسے میں آٹھ بچوں نے حفظ قران کریم کی تکمیل کی ہے جن میں ایک بچی بھی شامل ہے ان طلبہ و طالبات کی حوصلہ افزائی اور انہیں اعزاز سے نوازنے کے لیے جلسہ دستار بندی کا انعقاد کیا گیا ہے، اس کے ساتھ ہی ایک عظیم الشان کانفرنس پیغام قران کے نام سے منعقد ہوگی جس میں ملک کے نامور علماء، خطباء اور شعراء شرکت کریں گے، یہ اپنی نوعیت کا یہ ایک منفرد جلسہ ہے جس کے ذریعے عوام الناس کے اندر دینی بیداری لانے اور قران و احادیث اور دینی علوم کے تئیں دلچسپی پیدا کرنے میں مدد ملے گی۔ انہوں نے مزید بتایا کہ ادارہ تحفیظ القران ایک متحرک و با فیض ادارہ ہے جس کی آغوش میں ملت کے نونہالان علوم قران سے فیض یاب ہو رہے ہیں اور دینی علوم کے حامل اور حافظ قران بن کر نکل رہے ہیں، قلیل مدت میں مدرسے نے بڑی علمی ترقی کی ہے، مدرسے کے اندر علوم قرانی کے ساتھ ساتھ انگلش، حساب، سائنس اور کمپیوٹر کی بھی تعلیم دی جاتی ہے تاکہ یہاں کے فارغ بچے کسی بھی معاملے میں دوسرے اداروں کے بچوں کے مقابلے میں اپنے کو کمتر محسوس نہ کریں اور وہ پورے وقار کے ساتھ ملک و قوم اور مذہب و ملت کی خدمت کا فریضہ انجام دے سکیں، اس جلسے دستار بندی وپیغام قرآن کانفرنس کی قیادت فرما رہے جناب مولانا محمد تاج الدین قاسمی امام و خطیب مسجد عثمان غنی فیض کالونی نے بتلایا کہ یہ جلسہ خالص دینی،مذہبی اور علمی ہے جس کی صدارت مدرسہ اسلامیہ جامع العلوم مظفر پور کے قدیم اور قابل استاد حضرت مولانا صدر الحسن رحمانی فرمائیں گے وہیں خصوصی خطاب مشہور و معروف علمی شخصیت و مفتی شہر مظفر پور حضرت مولانا اقبال احمد قاسمی کا ہوگا، مہمان خصوصی کی حیثیت سے بہار مدرسہ ایجوکیشن بورڈ کے سابق چیئرمین اور سیکنڈری ایجوکیشن بہار کے ڈپٹی ڈائریکٹر جناب عبدالسلام انصاری اورجناب قاری صہیب صاحب ممبر بہار قانون ساز اسمبلی پٹنہ شرکت کریں گے، اس موقع پر پروفیسر شکیل احمد قاسمی چیئرمین فاران فاؤنڈیشن انڈیا، حضرت مولانا محمد امان اللہ نستوی نستوی بیگوسرائے، مولانا عبدالخالق قاسمی منت نگر مادھو پور، مظفر پور، حضرت مولانا شوکت علی الحسینی دربھنگوی کے علاوہ بڑی تعداد میں مقامی علماء اور دانشوران شرکت فرمائیں گے شاعر کی حیثیت سے مقامی شعراء کے علاوہ مئو، یو پی کے مشہور نوجوان شاعر پرویز کوثر معروفی تشریف لا رہے ہیں اور پروگرام کا آغاز جناب قاری طفیل احمد صاحب جو استاد القراء حضرت قاری نسیم احمد صاحب رحمتہ اللہ علیہ کے صاحبزادے ہیں کی تلاوت کے ذریعے سے ہوگا، اس لیے تمام لوگوں سے یہ گزارش ہے کہ وہ بڑی تعداد میں شریک ہو کر اس جلسے کے فیوض و برکات سے مستفید ہوں اور مدرسہ کے طلبہ اور طالبات کی حوصلہ افزائی فرمائیں۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے