پیارے نبیﷺ کی ہرجھلک میں حسن اخلاق نظر آتا ہے

قصبہ سعادت گنج میں جمعیت سعادۃ العلماء کے زیراہتمام منعقد اجلاس عام و تعلیمی مظاہرہ میں مفتی محمد سلمان مظاہری کا خطاب

بارہ بنکی(ابوشحمہ انصاری)حضور نبی اکرم صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کی ذات مبارکہ اخلاق حسنہ و سیرت طیبہ کے اعتبار سے وہ منور آفتاب ہے ، جس کی ہرجھلک میں حسن خلق نظر آتا ہے۔ آپ کی ذات پاک میں حضرت عیسیٰؑ کا حلم ، حضرت موسیٰؑ کا جوش ، اور حضرت ایوب کا صبر پایا جاتا ہے۔ آپ نے تبلیغ اسلام کے لئے بستیوں اور بیابانوں میں اللہ کا پیغام پہنچایا۔ مخالفین کی سنگ زنی وسختیاں سہیں۔ حضرت ابراہیمؑ کی طرح وطن چھوڑ کر ہجرت کی۔ مگر پھر بھی دنیا انسانیت کو امن و محبت ، رحمت اور سلامتی کا پیغام دیا۔ حضرت سلیمانؑ کی طرح اس دنیا میں حکمت کی بنیاد ڈالی۔ غرض وہ تمام خوبیاں ، اوصاف حمیدہ جو پہلے نبیوں میں پائی جاتی تھیں۔ وہ سب بدرجہ کمال حضور اکرم صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کی ذات میں موجود تھیں۔
ان خیالات کا اظہار گزشتہ دنوں قصبہ سعادت گنج میں جمعیت سعادۃ العلماء کے زیراہتمام منعقد اجلاس عام و تعلیمی مظاہرہ میں مفتی محمدسلمان مظاہری لکھیم پوری نے کیا۔ ان کے علاوہ ملک کے معروف نعت خواں عمرعبداللہ قاسمی ، اشفاق بہرائچی اور حبیب الرحمٰن فرقانی نے نعتیہ کلام پیش کئے۔ جلسہ کا آغاز قاری محمدحسان فرقانی کی تلاوت سے ہوا۔ اور سرپرستی سیٹھ محمدعرفان انصاری ، صدارت مفتی محمدعارف کاشفی نے فرمائی۔ جبکہ نظامت کے فرائض مولانا فرمان مظاہری نے انجام دئے۔ مولانا فرمان مظاہری نے جمعیت سعادۃ العلماء کے کارنامے اورمستقبل میں قوم و ملت کی فلاح و بہبودی کے لئے ان کے نئے عزائم پر روشنی بھی ڈالی۔ اس جلسہ میں جمعیت کے زیراہتمام چلنے والے مکتب کے بچوں نے اپنا تعلیمی مظاہرہ پیش کیا۔ اس کے بعد انہیں انعام و اکرام سے نوازا گیا۔ جلسہ کے اختتام پر مولانا محمداخترقاسمی اور مولانا غفران قاسمی نے تمام شرکاء اور منتظمین کا شکریہ ادا کیا۔ اس موقع پر مولانا عمرممتاز ندوی ، مولانا محمدعقیل ندوی ، انور انصاری بی ڈی سی ، نفیس انصاری ، حاجی محمدنفیس ، قاری خلیل الرحمٰن ، مولانا صالح قاسمی ، اور مولانا جنید قاسمی کی موجودگی قابل ذکر ہے۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے