اردو اسکولوں میں ایپ سے حاضری بنانے میں ہو رہی دشواری، قومی اساتذہ تنظیم نے کیا ناراضگی کا اظہار

اردو اسکولوں کے خلاف سازش کی آتی ہے بو، محکمہ تعلیم ایپ کو کر لے درست نہیں تو اسے کیا جائے منسوخ : محمد رفیع

مظفر پور، 27 اکتوبر (وجاہت، بشارت رفیع) آج بروز اتوار ضلع کے تمام اردو اسکول کھلے ہیں لیکن ای شکچھا کوش ایپ پر اپنی حاضری درج کرانے میں اساتذہ کو بڑی مشکلات کا سامنا کرنا پڑا، وہیں اپ گریڈ شدہ اردو سیکنڈری اور ہائر سیکنڈری اسکولوں میں اساتذہ کی حاضری ایپ کے ذریعے رجسٹر نہیں کی جا سکی۔ یہ باتیں قومی اساتذہ تنظیم کے ریاستی کنوینر محمد رفیع نے بتائی، محمد رفیع نے ان مشکلات کی اطلاع ضلع تعلیمی افسر مظفرپور جناب اجے کمار سنگھ اور ضلع پروگرام افسر مظفر پور جناب اندر کمار کرن کو دے دی ہے اور اسے سنجیدگی سے لیتے ہوئے معاملہ کو حل کرنے کی گزارش کی ہے۔ محمد رفیع نے مزید بتایا کہ ای شکچھا کوش کے نئے ورژن میں ماہ اکتوبر میں سبھی اردو اسکولوں کے اساتذہ کو مہینہ کے اتوار 3 ، 6 اور 20 اکتوبر کے دن حاضری درج کرنے کے باوجود غیر حاضر دکھایا گیا، جس کی شکایت میں نے عزت مآب وزیر اعلی بہار جناب نتیش کمار سے کی، نتیجتاً اس اتوار یعنی 27 اکتوبر کو اساتذہ کو اپنی آئی ڈی سے حاضری درج کرنے کی اجازت تو نہیں ملی البتہ اسکول آئی ڈی سے حاضری درج کرنے میں وہ کامیاب ہوئے، تاہم اپگریڈیڈ اردو سکینڈری اسکول و سنیئر سیکنڈری اسکولوں کے اساتذہ کسی بھی آئی ڈی سے حاضری درج کرنے میں کامیاب نہیں ہوئے، ایسے اسکولوں میں اپگریڈیڈ سینیئر سیکنڈری اسکول مور نصف اردو کڈھنی اور اپگریڈیڈ ہائی اسکول بتھناہا مہرتھا اردو، کانٹی، مظفرپور وغیرہ شامل ہیں، اس کی خبر جناب رحمان صاحب مور نصف و محمد غفران بتھناہا نے دی۔ محمد رفیع نے یہ بھی بتایا کہ ای شکچھا کوش ایپ میں دن بدن کی تبدیلی سے اساتذہ پریشان ہو گئے ہیں، محکمہ مالیات کے سیکرٹری جناب آنند کشور نے سبھی محکموں کے سیکریٹریز کو مکتوب لکھ کر دیوالی اور چھٹھ تہواروں کو دیکھتے ہوئے 25 اکتوبر سے تنخواہ کی ادائیگی کا حکم نامہ جاری کیا ہے لیکن ای شکچھا کوش ایپ رکاوٹ ثابت ہو رہا ہے، سبھی اسکولوں نے 22 اکتوبر تک اساتذہ کی حاضری رپورٹ بلاک آفس کے بی آر سی کو دستیاب کرا دی تھی لیکن اب ای شکچھا کوش ایپ سے ڈاؤن لوڈ کیا گیا اساتذہ کے حاضری کی تفصیلات دینے کے حکم نامے نے تنخواہ کی ادائیگی کی سبھی تیاریوں کو متاثر کر دیا ہے اور اس سے یہ واضح ہوتا ہے کہ اب وقت پر تنخواہ کی ادائیگی ممکن نہیں ہے، وہیں ڈاؤن لوڈ کیے گئے حاضری کی تفصیلات کے بہانے ہیڈ ماسٹروں کے دئے گئے حقوق کو بھی چھین لئے گئے ہیں، ہیڈ ماسٹروں کو ایپ سے نکالے گئے اساتذہ کی حاضری کی تفصیلات کی تصدیق کی اجازت تو دی گئی ہے لیکن اس میں کسی بھی قسم کی تبدیلی کی اجازت نہیں ہے، اس سے مکمل طور پر واضح ہوتا ہے کہ ہیڈ ماسٹروں کے حقوق بھی چھین لیے گئے ہیں،۔

محمد رفیع نے یہ بھی بتایا کہ ای شکچھا کوش ایپ میں خامیاں ہونے کی وجہ سے یہ اطلاع مل رہی ہے کہ اساتذہ میں بڑے پیمانے پر غم و غصہ ہے اور ایپ کی افادیت پر سوالیہ نشان لگاتے ہوئے اس کے بائیکاٹ کا منصوبہ بنا رہے ہیں، اس لیے محمد رفیع نے جہاں ایک طرف بہار کے معزز وزیراعلی جناب نتیش کمار سے اس ایب کو مکمل طریقے سے درست کرنے کا مطالبہ کیا ہے وہیں ایسا نہ ہونے کی صورت میں اس طریقے کے ایپ کو ختم کرنے کی بھی مانگ کی ہے، جناب رفیع نے یہ بھی کہا کہ اس ایپ سے اردو اسکولوں کے خلاف سازش کی بو آتی ہے، پہلے بی پی ایس سی کے ذریعہ غیر اردو داں اساتذہ کی اردو اسکولوں میں بحالی اور اب ایپ کے ذریعہ ہونے والی پریشانی۔ اس صاف ظاہر ہے کہ سنگھی لوگوں کے اشارے پر چل رہا ہے محکمۂ تعلیم۔ وہیں ضلع تعلیمی افسر مظفر پور اور ضلع پروگرام افسر مظفرپور سے محمد رفیع نے گزارش کی ہے کہ وہ اپنی سطح سے اساتذہ کے مسائل کا حل مثبت طریقے سے کر لیں تاکہ تہواروں سے قبل اساتذہ کے تنخواہ کی ادائیگی ہو سکے۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے