- ڈاکٹر انوار الھدیٰ صرف ایک سچے، اچھے اور نیک دل انسان ہی نہیں بلکہ ایک انجمن ہیں : محمد رفیع
پٹنہ، یکم نومبر، بہار اردو ایکشن کمیٹی کے جنرل سیکریٹری و مدیر اعلی ھمارا نعرہ ڈاکٹر انوار الھدیٰ کی عیادت کو آج ان کی رہائش پر سابق چیئرمین بہار اسٹیٹ مدرسہ ایجوکیشن بورڈ پٹنہ و ڈپٹی ڈائریکٹر سیکنڈری ایجوکیشن بہار جناب عبدالسلام انصاری، قومی اساتذہ تنظیم بہار کے ریاستی کنوینر و آزاد صحافی محمد رفیع، ڈھاکوی اکیڈمی آف انڈر گریجویٹ لرننگ کے ڈائریکٹر منہاج ڈھاکوی، روزنامہ امین کے مدیر محمد نوشاد و سیکریٹری قومی اساتذہ تنظیم بہار محمد تاج الدین پہنچے۔ ڈاکٹر انوار الھدیٰ ان دنوں بیمار چل رہے ہیں اور اب وہ بڑی تیزی کے ساتھ صحتیاب ہو رہے ہیں۔ اس موقع پر جناب عبدالسلام انصاری نے ڈاکٹر انوار الھدیٰ کی خدمات کا اعتراف کرتے ہوئے خصوصی طور پر ان کے والد شمش الھدیٰ استھانوی کی سیاسی و ملی خدمات کا تفصیل سے ذکر کیا۔ انہوں نے بتایا کہ شمش الھدیٰ استھانوی بہار کانگریس میں صفحہ اول کے رہنما تھے لیکن انہوں نے سیاسی رہنما ہونے کے باوجود اپنی شرافت کا بہترین ثبوت پیش کیا اور وہ سیاسی مفاد سے آزاد رہے۔ وہیں جناب محمد رفیع نے ڈاکٹر انوار الھدیٰ کی بیماری پر افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ اگر یہ رک گئے تو بہار میں اردو کے حوالے سے بہت ساری سرگرمیاں رک جائیں گی کیونکہ ڈاکٹر انوار الھدیٰ اپنے آپ میں صرف ایک سچے، اچھے اور نیک دل انسان ہی نہیں بلکہ ایک انجمن ہیں۔ منہاج ڈھاکوی نے اس موقع پر گفتگو کے دوران اقلیتی مسلمانوں میں معاشی بیداری پیدا کرنے کے سلسلے میں کام کرنے کا مشورہ دیا۔ تمام لوگوں نے ڈاکٹر انوار الھدیٰ کے جلد از جلد صحتیابی کے لئے اپنی اپنی خواہشوں کا اظہار کیا اور اللہ ربّ العزت سے دعاء بھی کی۔