ممبئی: 17/ نومبر
جمعیۃ علماء مہاراشٹر کے ضلعی،شہری وزون جمعیۃ نیز ممبئی ،تھانے و پالگھر اضلاع کی مقامی یونٹوں کے صدور ونظماء اعلیٰ کا ایک اجلاس بعنوان اصلاح معاشرہ حاجی محمد صابو صدیق مسافر خانہ (کرافورڈ مارکیٹ ممبئی)میں منعقد ہوا۔
اجلاس کے مہمان خصوصی حضرت مولانا سید اظہر مدنی (ناظم اصلاح معاشرہ جمعیۃ علماء ہند)نے اپنے کلیدی خطاب میں فرمایا کہ ہماری نئی نسل کی دینی تربیت اصلاح معاشرہ کی ریڑھ کی ہڈی ہے ، اس کو نظر انداز کرکے اصلاح کی کوئی کوشش کامیاب نہیں ہوسکتی ہے، موجودہ حالات میں معاشرہ میں پھیلی ہوئی عام خرابیوں کا تذکرہ کرتے ہوئے فاضل مقرر نے فرمایا کہ تمام برائیوں کی اصل بنیاد دینی تعلیمات سے دوری اور اسوہ رسول اکرم ﷺ کو نہ اختیار کرنا ہے۔
مولانا مدنی نے فرمایا کہ ہمیں مسجد وار اصلاح معاشرہ کی کمیٹیاں تشکیل دے کر معاشرہ کے بگاڑ پر خاص دھیان دینے کی ضرورت ہے۔آپ نے یہ بھی کہا کہ نوجوان لڑکوں اور لڑکیوں کے لئے شادی سے پہلے تربیتی کونسلنگ کے مراکز بھی قائم کرنے چاہئیں ۔
اس اجلاس سے مولانا حلیم اللہ قاسمی صاحب (صدر جمعیۃ علماء مہاراشٹر) نے خطاب کرتے ہوئے اصلاح معاشرہ کے عنوان سے منعقدہ میٹنگ کے اغراض و مقاصد کو تفصیل کے ساتھ بیان کیا۔ آپ نے ریاستی،ضلعی،زونل اور مقامی سطح پر اصلاح معاشرہ کی کمیٹیوں کے تشکیل کے لئے یہ ہدایت جاری کی کہ 15 روز کے اندر اندر کمیٹیوں کی تشکیل کا کام پورا کر لیا جائے تاکہ اس کے آگے کی کارروائی کی جاسکے ۔
اجلاس کا آغاز قاری محمد ادریس انصاری نائب صدر جمعیۃ علماء مہاراشٹر و صدر جمعیۃ علماء شہر پونے کی تلاوت کلام پاک سے ہوا اورمولانا سید اظہر مدنی صاحب کی دعا پر مجلس کا اختتام عمل میں آیا۔نظامت کے فرائض مفتی محمد یوسف قاسمی (جنرل سکریٹری جمعیۃعلماء مہاراشٹر)نے انجام دیئے۔
اس اجلاس میں مولانا محمد عارف عمری، قاری عبد الرشید حمیدی (نائبین صدر جمعیۃ علماء مہاراشٹر) مولانا اشتیاق احمد قاسمی (خازن )قاری محمد یونس چودھری (معاون خازن)،مفتی حفیظ اللہ قاسمی (ناظم تنظیم) کے علاوہ پورے صوبہ سےضلعی، شہری، زون اور ممبئی ،تھانے اور پالگھر کی مقامی یونٹوں کے ذمہ داروں نے شرکت کی۔