محمد رفیع ایک زندہ دل، محنتی اور قوم و ملت کا درد رکھنے والے خادم اردو ہیں : عبدالسلام انصاری
مظفر پور، یکم دسمبر (وجاہت، بشارت رفیع) قومی اساتذہ تنظیم بہار کے ریاستی کنوینر جناب محمد رفیع کو ایس کے بینکویٹ ہال ماڑی پور مظفرپور میں منعقد ایک اعزازی تقریب کے دوران اجمل فرید ایوارڈ سے نوازا گیا، یہ ایوارڈ آل انڈیا مسلم بیداری کارواں مظفرپور کی جانب سے دیا گیاہے۔ آل انڈیا مسلم بیداری کارواں مظفر پور کے صدر جناب انور حسین نے اس پروگرام کی صدارت فرمائی اور انہوں نے کہا کہ جناب محمد رفیع صاحب اردو زبان کے ساتھ ساتھ عربی و فارسی کے فروغ کے لیے نمایاں کام کئے ہیں، حال ہی کے دنوں میں کلیکٹریٹ مظفرپور کے صدر دروازے پر اردو زبان میں صدر دروازہ کا نام لکھا جانا یہ جناب محمد رفیع صاحب کی جدوجہد کا ہی نتیجہ ہے ان کی ان شاندار خدمات کے اعتراف میں انہیں اجمل فرید ایوارڈ سے نوازا گیا ہے اس اعزازی تقریب میں بہار سیکنڈری ایجوکیشن کے ڈپٹی ڈائریکٹر جناب عبدالسلام انصاری مہمان خصوصی کی حیثیت سے شریک ہوئے اور انہوں نے جناب محمد رفیع صاحب کی ان عظیم حصولیابیوں کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ جناب محمد رفیع صاحب اردو کے ساتھ ساتھ عربی اور فارسی کے فروغ کے لئے ہر محاذ پر متحرک نظر آتے ہیں اور ان کی کوششوں سے ہی کلیکٹریٹ مظفرپور کے صدر دروازے پر اردو میں صدر دروازہ کا نام لکھا گیا اس کے علاوہ مختلف سرکاری دفاتر میں قومی اساتذہ تنظیم کے ذریعے دفاتر کے نام بھی لکھے گئے۔ جناب محمد رفیع صاحب ایک زندہ دل، محنتی اور قوم و ملت کا درد رکھنے والے خادم اردو ہیں اور اردو کے فروغ کے ساتھ ساتھ مختلف علمی و سماجی کام میں متحرک رہتے ہیں اس لیے انہیں اجمل فرید ایوارڈ سے نوازا جانا بہت ہی بجا ہے میں ان کو اور ان کے تمام معاونین کو مبارکباد پیش کرتا ہوں۔ اس اعزازی تقریب کے موقع پر سیکریٹری قومی اساتذہ تنظیم بہار محمد تاج الدین، ریاستی مجلس عاملہ کے رکن نسیم اختر، خازن محمد حماد، محمد اسلام عرف منا موتی پور، ڈاکٹر محمد قیام الدین اور دیگر اہم شخصیات موجود تھے۔