• ڈیمانڈ ڈرافٹ اہل خانہ کے حوالے کیا، مرحومین کے لواحقین نے مولانا محمود اسعد مدنی کا شکریہ ادا کیا۔
نئی دہلی ۳ دسمبر : جمعیۃ علماء ہند (JUH) کے قومی صدر مولانا محمود مدنی کی ہدایت پر جنرل سکریٹری مولانا حکیم الدین قاسمی اور ریاستی دینی تعلیمی بورڈ کےصدر مفتی محمد عفان منصورپوری کی قیادت میں جمعیۃ کا ایک وفد آج پولیس فائرنگ میں شہید ہونے والوں کے لواحقین کو مالی امداد فراہم کرنے اور تعزیت و غم خواری کے لیے سنبھل پہنچا۔
جمعیۃ نے اپنی خدمت خلق کی مہم کے تحت ہر متاثرہ خاندان کے لیے 5 لاکھ روپے کی مالی امداد کے ڈیمانڈ ڈرافٹ تیار کیے تھے، جسے براہ راست آج خاندان کے سربراہ کے حوالے کردیا گیا ۔ اس عمل کو انجام دیے جانے کے وقت پولس وہاں پہنچ گئی ۔پولیس نے وفد کو آگے بڑھنے سے روکنے کی کوشش کی۔ اس پر مولانا حکیم الدین قاسمی نے سخت اعتراض کرتے ہوئے کہا کہ متاثرین کی مدد اور ان کے ساتھ ہمدردی کا اظہار کرنے سے کسی کو روکنے کا کوئی حق نہیں ہے۔
مفتی محمد عفان نے کہا کہ ھمارا مقصد صرف مظلومین کی مدد کرنا اور ظلم کے خلاف آواز اٹھانا ھے جس کو ھم اپنا فریضہ سمجھتے ھیں ۔
پولیس کے ساتھ طویل گفتگو اور بحث کے بعد رکاوٹ دور ھوئی اور مرحومین کے لواحقین سے تعزیت کرتے ھوئے امدادی رقم ان کے سپرد کی گئی ، اس موقع پر یہ یقین دہانی کرائی کہ جمعیۃ آگے بھی تعاون کرتی رہے گی اور ان کے ساتھ ہر طرح سے کھڑی رہے گی ۔ سردست ہم سے جو ممکن ہوا ہے، ہم نے کیا ہے ، لیکن اسے صرف تعزیت و خم خواری اور دل جوئی سمجھا جائے ۔ باقی اجر اللہ تعالی کے پاس ہے جس کا وعدہ کیاگیا ہے ۔ ہماری جد وجہد بھی اللہ ر ب العزت کی رضا کے لیے ہے ۔ وفدنےکہا کہ مظلوموں کی غم خواری اسلامی تعلیمات کی بنیاد میں شامل ہے ۔ نیز جہاں بھی ظلم ہو چاہے وہ کسی بھی مذہب کے انسان پر ہو، جمعیۃ علماء ہند کھڑی ہوتی ہے اور وہ اس روایت پر ہمیشہ قائم رہے گی ۔