(پریس ریلیز ہماری آواز،خصوصی نمائندہ مفتی ابورفیدہ نقشبندی) جناب سید وقار الدین قادری صاحب چیف ایڈیٹر روزنامہ ”رہنمائے دکن“ حیدرآبادکے سانحہ کی خبر ملی یقینا یہ ایک ناقابل تلافی نقصان ہے، کیونکہ آپ کا شمار شعبہ صحافت کے بلند پایہ اور قدیم قوم کے سچے باوقار بے لوث صحافیوں میں ہوتا تھا، پورے ملک کے علاوہ اہل ذوق آپ کے قلم اور اخبار کو پسند کرنے والے بیرون ملک میں مقیم بھی بڑے شوق سے پڑھا کرتے ہیں، آپ صحافت کے علاوہ انڈو عرب لیگ کے صدر نشین تھے، اس انڈو عرب لیگ پلیٹ فارم سے مظلوم فلسطینیوں کے حق میں آپ نے علم انصاف کو بلند کیا، اور قبلہ اول، بیت المقدس کی بازیابی کے لئے عالم اسلام میں بالخصوص ہندوستان میں اپنی منفرد تحریک کے ذریعے امت کی ذہن سازی کی، ان خیالات کا اظہار حافظ فہیم الدین منیری صدر جمعیۃ علماء کاماریڈی نے مرحوم کے حق میں تعزیتی کلمات پیش کرتے ہوئے کیا، جبکہ مفتی خواجہ شریف مظاہری ترجمان مجلس تحفظ ختم نبوت ٹرسٹ کاماریڈی نے کہا کہ سید وقار الدین قادری مرحوم اپنے زور قلم سے اُردو صحافت کے معیار کو بلند کیا، اور خوب اردو کی ترجمانی کی، اب شعبۂ صحافت کا وہ درخشندہ ستارہ اب غروب ہوا، اب دکن کے نامور عظیم صحافی اور رہنما سے ہم محروم ہوگئے، آپ اردو ادب کی ترویج وترقی کے لئے پیش پیش رہتے تھے. آپ کی صحافت کے طور پر خدمات یقینا مسلمانوں کو بیدار کرنے میں اہم رول اور آئندہ کے لئے نمونہ تھی۔
اللہ تعالیٰ سے دعاء ہے کہ اللہ آپ کی مغفر ت فرمائے اور جنت الفردوس میں اعلیٰ مقام عطاء فرمائے اور اردو صحافت کےمیدان میں ہمیں نعم البدل عطاء فرمائے۔