مدرسہ فلاح المسلمین میں سالانہ امتحان ختم، طلبہ نے کی حفظ کی تکمیل، دعائیہ نشست منعقد

ہردوئی: 28 مارچ، ہماری آواز(یاسر قاسمی)
مدرسہ فلاح المسلمین غوث گنج میں سالانہ امتحان کے اختتام پر ایک دعائیہ نشست منعقد ہوئی، علماء نے حفظ قرآن کی سعادت حاصل کرنے والے طالب علم سے چند آخری آیات سن کر حفظ کی تکمیل کرائی گئی، نشست میں قرآن و حفظ قرآن اورعلماء وحفاظ اور بزرگوں کے ادب و احترام پر بطور خاص روشنی ڈالی گئی، نظامت مولانا عبدالباری قاسمی کی، معروف عالم دین مولانا عبدالجبار قاسمی کی دعا پر نشست ختم ہوئی۔
دوپہر ساڑھے گیارہ بجے منعقدہ نشست میں تلاوت کلام اللہ ونعتیہ اشعار سے آغاز کے بعد جمعیت علماء ضلع ہردوئی کے صدر مولانا عبدالجبار قاسمی نے بحیثیت مہمان خصوصی خطاب کیا، اپنے خطاب میں انہوں نے کہا کسی بھی نیک کام یا عبادت کی تکمیل پر دعا کا اہتمام نبیوں، ولیوں اور اکابر کا طریقہ ہے، تعمیر کعبہ کی تکمیل پر حضرت ابراہیم و اسماعیل علیہما السلام نے دعا فرمائی,, پروردگار اس شہر کو بلدامین بنا دے اور یہاں کے باشندوں کو پھلوں کی روزی عطا فرما،، نماز دعائے ماثورہ پر مکمل ہوتی ہے، اور بعد نماز بھی دعا کا اہتمام کیا جاتا، حفظ قرآن کی تکمیل بھی اہم ترین عبادت ہے، اس لیے اس موقع پر تقریب کا انعقاد اوراس میں دعا کا اہتمام انبیاء، اولیاء، اور اکابر کے طریقے کے عین مطابق ہے، مولانا نے کہا حفظ قرآن کی سعادت کے لئے سینوں کا انتخاب اللہ تعالی کی طرف سے ہوتا، اللہ تعالی جسے چاہتے ہیں حفظ قرآن کی نعمت سے نواز کر بلند مراتب عطا فرماتے ہیں قبل ازیں مفتی محمد جنید قاسمی نے عظمت قرآن، مولانا محمد رمضان جامعی نے حفاظ کی قدرومنزلت اور یاسر عبدالقیوم قاسمی نے علماء کی فضیلت پر مختصر تقاریر کیں، مدرسہ کے ناظم اور جمعیت علماء ضلع ہردوئی کے جنرل سکریٹری مفتی محمد حسین آزاد قاسمی کے صاحبزادے محمد عدنان اور صاحبزادی وجیہہ رحمت المؤمناتی کو تکمیل حفظ قرآن کی سعادت حاصل کرنے پر حاضرین نے مبارکباد دی اور دعاؤں سے نوازا۔اس موقع پر مولانا عبدالعلیم قاسمی، حاجی محمد یوسف ، حاجی عبدالواجد، محمد یو سف، عبدالقادر ملاواں، لطف الرحمان، عباد الرحمان اور مدرسے کے سبھی اساتذہ وطلباء موجود رہے۔