بارہ بنکی(ابوشحمہ انصاری)انتہائی مسرت کے ساتھ یہ خبر دی جارہی ہے کہ مورخہ 12/ستمبر کو سیتاپور کے جامعہ صفہ میں صوبائی عربی تقریری مسابقہ منعقد ہوا۔ جس میں 33 مدرسوں کے 80 باصلاحیت طلبہ نے حصہ لیا۔ اس میں جامعہ کے تین طالب علم بھی شامل ہوئے۔ اس پروگرام میں مدرسہ جامعہ مدینۃ العلوم رسولی کے طالب علم حافظ ابوشحمہ نے چوتھی پوزیشن ، عبدالقادر نے چھٹی پوزیشن اور محمدثاقب نے ساتویں پوزیشن حاصل کی ہے۔ یہ کامیابی جامعہ کے لئے کسی نعمت سے کم نہیں ہے۔ اس پروگرام میں جامعہ کے تینوں طلبہ نے ٹاپ ٹین میں اپنی اپنی جگہیں بنائی ہیں۔ کامیابی حاصل کرنے والے طلبہ کو جامعہ کے تمام ذمہ داران اور اساتذہ نے مبارک باد پیش کرتے ہوئے ان کے روشن مستقبل کے لئے دعائیں کیں۔ اس موقع پر جامعہ کے مینیجرحافظ ایازاحمدمدینی نے اپنے بیان میں کہا کہ آج کا دن ہمارے لئے بہت ہی خوشی کا دن ہے۔ حصولِ کامیابی کے لئے محنت شرط ہے۔ ماشاءاللہ جامعہ کے طلبہ اپنی محنت سے درسی کتابوں میں عمدہ لیاقت و صلاحیت کے ساتھ ساتھ نعت و منقبت ، قرأت ، تقریر اور تحریر کے دَم پر اپنی ایک الگ پہچان بنا رہے ہیں۔گزشتہ ماہ بھی بارہ بنکی میں منعقد مسابقۂ قرأت کے پروگرام میں جامعہ کا ایک طالب علم ضلع کے مدارس میں اول پوزیشن حاصل کرچکا ہے۔ یہ اللہ کا فضل اور ہمارے اساتذہ کی محنتوں کا ثمرہ ہے۔ اس کامیابی کے پیچھے پرنسپل جامعہ اور جامعہ کے دیگر اساتذہ کا نمایاں کردار رہا ہے۔ یہی وجہ ہے کہ جامعہ روز بروز ترقی کے زینوں پر چڑھتا چلا جا رہا ہے۔ اللہ تعالیٰ جامعہ کے تمام اساتذہ اور طلبہ کی محنتوں کو قبول فرمائے۔