خون عطیہ صحت اور انسانیت کیلئے بہترین تحفہ:ذاکر حسین
جونپور،19 مئی (ابوشحمہ انصاری) مریضوں کو مفت خون فراہم کرنے والی تنظیم الفلاح فرنٹ (بلڈ ڈونیٹ گروپ) نے الفلاح فرنٹ شاہ گنج یونٹ کی جانب سے آج انیتا ہسپتال اینڈ بلڈ بینک میں بعنوان ایک شام انسانیت کے نام ایک عظیم الشان پروگرام کا انعقاد کیا۔الفلاح فرنٹ کے صدر اور بلڈ ڈونیٹ گروپ کے بانی ذاکر حسین نے پروگرام میں مہمان خصوصی کی حیثیت سے شرکت کی۔اس موقع پر ذاکر حسین نے کہا کہ خون کی کمی سے کسی کی جان نہ جائے، ہم اس کے لیے کوشاں ہیں۔ان کا مزید کہنا تھا کہ آج کے اس پروگرام میں آئیے سب فیصلہ کریں کہ جب بھی کسی بھی شخص کوآپ کی مدد کی ضرورت ہوگی تو بلا تفریق مذہب، ذات، آپ اس کی مدد کریں گے۔اس موقع پر الفلاح فرنٹ کے یاسر پٹھان اور محمد اسماعیل کو خون عطیہ کے میدان میں اور الفلاح فرنٹ کے لئے نمایاں کام کرنے پر ایوارڈ سے نوازا گیا۔ پروگرام کی نظامت انیتا ہاسپٹل اینڈ بلڈ بینک کے ڈائریکٹر ڈاکٹر ابھیشیک راوت نے کی۔قبل ازیں ذاکر حسین کی شاہ گنج آمد پر الفلاح فرنٹ کے کارکنان نے ان کا پھولوں سے شاندار استقبال کیا،جبکہ ڈاکٹر ابھیشیک نے شال اور مومنٹو سے استقبال کیا۔پروگرام کے بعد محمد ناصر،اکسم سکروری،الفلاح فرنٹ کے حاجی فیصل،محمد رحیم اور محمد احمر وغیرہ نے خون کا عطیہ دے کر غریب ضرورت مند مریضوں کی جان بچانے کاعہد کیا۔پروگرام میں الفلاح فرنٹ کے کارکنان اور دیگر معززین کی کثیر تعداد موجود تھی۔