میڈیکل پروفیشنلز کی مشترکہ خدمات وقت کی اہم ضرورت۔ ڈاکٹر پرویز منڈیوالا

جماعت اسلامی ہند چرخوپ، کانڈیولی (ویسٹ) کے زیر اہتمام میڈیکل سروس سوسائٹی (MSS) کا تعارفی اجلاس

ممبئی ،10 اگست 2025: جماعت اسلامی ہند، چرخوپ کانڈیولی (ویسٹ) کے زیر اہتمام میڈیکل سروس سوسائٹی (MSS) کا ایک تعارفی پروگرام اتوار، 10 اگست 2025 کو بعد دوپہر مصطفی کمپاؤنڈ، نزد رحمانیہ مدرسہ میں نہایت پُرمسرت ماحول میں منعقد ہوا۔

پروگرام کا آغاز تلاوتِ کلامِ پاک سے ہوا جس کی سعادت حافظ صاحب نے حاصل کی۔ افتتاحی کلمات پیش کرتے ہوئے ڈاکٹر سراج صاحب نے کہا کہ: "میڈیکل سروس سوسائٹی کا قیام ایک ایسے وقت میں عمل میں آیا ہے جب صحت کے میدان میں اجتماعی خدمت اور تعاون کی شدید ضرورت ہے۔ یہ پلیٹ فارم ہم سب کے لیے ایک نیک موقع ہے۔”
مرکزی خطاب ڈاکٹر پرویز مانڈوی والا نے کیا۔ انہوں نے ایم ایس ایس کی تاریخ، مقصد اور وژن پر تفصیل سے روشنی ڈالی اور کہا کہ: اگر ڈاکٹرز، فارماسسٹ، ریڈیالوجسٹ اور دیگر میڈیکل ماہرین ایک ساتھ مل کر کام کریں تو نہ صرف علاج معالجہ کے معیار میں بہتری آئے گی بلکہ ضرورت مند طبقہ بھی براہِ راست مستفید ہوگا۔ انہوں نے زور دیا کہ ایم ایس ایس صرف ایک ادارہ نہیں بلکہ ایک تحریک ہے جو میڈیکل پروفیشنلز کو انسانیت کی خدمت کے جذبے سے جوڑتی ہے۔

اس موقع پر سوال و جواب کا ایک خصوصی سیشن رکھا گیا، جس میں شرکاء نے اپنے خیالات اور عملی تجاویز پیش کیں۔ پروگرام میں 8 ڈاکٹرز، 5 فارماسسٹ، 1 ریڈیالوجسٹ اور 1 پیتھالوجسٹ سمیت مختلف شعبہ ہائے طب سے وابستہ افراد شریک ہوئے۔

اختتامی دعا ڈاکٹر بشیر صاحب نے کروائی، جس میں ملک، ملت اور ادارے کی کامیابی کی خصوصی دعائیں کی گئیں۔ اجلاس کے بعد شرکاء کے درمیان آپسی تعارف اور آئندہ سرگرمیوں کے لیے ابتدائی منصوبہ بندی بھی کی گئی۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے