جمعیت علماء کی بینی گنج شاخ کا قیام ، مولانا احمد نعیم الدین قاسمی پہلے صدر اور حافظ محمد نفیس جنرل سکریٹری منتخب
ہردوئی(یاسر قاسمی 30ستمبر)
جمعیت علماء بینی گنج شاخ کے قیام وعہدیداران کے انتخاب کیلئے گزشتہ 29 ستمبر بدھ کی شب ضلع صدر مولانا عبدالجبار قاسمی کی صدارت میں مقامی علماء وحفاظ کی ایک اہم میٹنگ منعقد ہوئی نظامت یاسر عبدالقیوم قاسمی نے کی۔ میٹنگ میں باتفاق رائے معروف عالم دین مولانا احمد نعیم الدین قاسمی صدر اور حافظ محمد نفیس جنرل سکریٹری منتخب ہوئے۔
بعد نماز مغرب جامع مسجد بینی گنج میں منعقدہ انتخابی میٹنگ میں تمہیدی خطاب کرتے ہوئے ضلعی صدر مولانا عبدالجبار قاسمی نے تعلیم پر زور دیا انہوں نے کہا اس وقت ارتداد و لامذ ہبیت کی مسموم فضاء بتدریج عام ہورہی ہے، دوسری طرف ہماری غفلت شعاری بھی تاریخی بنتی جارہی ہے، مولانا نے کہا اس وقت سب سے بڑا مسئلہ موجودہ اور آئندہ نسلوں کے عقائد و ایمان کا تحفظ ہے، اس کے لئے علمائے کرام کو کمر بستہ ہوکر میدان عمل میں جست لگانی ہوگی، مولانا نے کہا نونہالان ملت کو دینی تعلیم کے ساتھ عصری علوم سے بھی آشنا کرائیں ، کسی معاشرے کی نشو نما کیلئے علم و آگہی،اجتماعیت اور شیرازہ بندی بنیادی کردار کی حامل ہے، نو منتخب مقامی صدر مولانا احمد نعیم الدین قاسمی نے حریت وطن اور اس کے بعد ملک وملت کی تعمیر وترقی میں جمعیت اور علمائے دیوبند کی زریں خدمات پر مختصر مگر جامع روشنی ڈالی، انتخابی تجویز یاسر عبدالقیوم قاسمی نے پیش کی، حاضرین کی متفقہ رائے سے مولانا حکیم عبد الباری اور مفتی محمد راشد قاسمی نائب صدور اور معروف بزرگ عالم دین مفتی ظہیر الاسلام نوراللہ مرقدہ کے صاحبزادے حافظ منیرالاسلام خازن منتخب ہوئے، میٹنگ میں ضلعی نائب صدر مولانا محمد غفران بلگرامی ، بلگرام یونٹ کے صدر حاجی ضیاء الدین اور سندیلہ سے مفتی محمد سہیل قاسمی بطور مشاہد موجود رہے۔