مالیگاؤں 2008بم دھماکہ معاملہ: آرمی افسر نے اے ٹی ایس پر کرنل پروہت کے خلاف گواہی دینے کا الزام لگایا

عدالت سے اے ٹی ایس کی غیر حاضری کا گواہان اور ملزمین فائدہ اٹھا رہے ہیں: ایڈوکیٹ شاہد ندیم

ممبئی: 24 مارچ
مالیگاؤں 2008 بم دھماکہ معاملے میں آج خصوصی این آئی اے عدالت میں سرکاری گواہ نمبر 243کی گواہی عمل میں آئی جس کے دوران گواہ نے انسداد دہشت گرد دستہ ATS پر الزام عائد کیا کہ اس نے تفتیش کے دوران اس سے کہا تھا کہ اگر وہ کرنل پروہت کے خلاف گواہی نہیں دیگا تو اسے آرتھر روڈ جیل میں بھیج دیا جائے گا۔
خصوصی وکیل استغاثہ ایڈوکیٹ اویناس رسال کی جانب سے پوچھے گئے سوالات کا جواب دیتے ہوئے آرمی افسر نے کہا کہ وہ کرنل پروہت کو جانتا ہے لیکن اس نے کبھی ابھینو بھارت نامی تنظیم کے پروگرام میں شرکت نہیں کی تھی اور نہ وہی وہ یہ جانتا ہیکہ کرنل پروہت کس طرح کی سرگرمیوں میں ملوث تھا۔
خصوصی این آئی اے عدالت کے جج پی آر سٹرے نے استغاثہ کی درخواست پر گواہ کو منحرف قراردیا اور اے ٹی ایس کی جانب سے ریکارڈ کیئے گئے بیان کو نشان زد کیایعنی کے اس کو اپنے ریکارڈ پر لیتے ہوئے اس کی صداقت پر حتمی بحث کے دوران غور کرنے کا حکم دیا۔سرکاری وکیل نے گواہ استغاثہ پر الزام عائد کیاکہ آج وہ عدالت میں کرنل پروہت کو بچانے کے لیئے جھوٹی گواہی دے رہا ہے۔
کرنل پروہت کے وکیل نے عدالت سے گذارش کی کہ عدالت آج گواہ کے ساتھ اے ٹی ایس کی جانب سے کی جانے والی زیادتیوں کے تعلق سے تفصیل سے لکھے لیکن خصوصی جج نے لکھنے سے انکار کردیا۔
آج کی عدالتی کارروائی کے بعد عدالت میں موجود بم دھماکہ متاثرین کی نمائندگی کرنے والے ایڈوکیٹ شاہد ندیم (جمعیۃ علماء مہاراشٹر ارشد مدنی) نے کہا کہ یکے بعد دیگر گواہان اے ٹی ایس پر سنگین الزامات عائد کررہے ہیں لیکن اے ٹی ایس ان کا جواب دینے عدالت میں حاضر نہیں ہورہے ہیں حالانکہ گذشتہ ماہ وزیر داخلہ مہاراشٹر دلیپ ولسے پاٹل نے سابق وزیر اور سینئر کانگریس لیڈر محمد عارف نسیم خا ن سے ملاقات کرنے بعد انہیں یقین دلایا تھا کہ اے ٹی ایس کے افسران اور اے ٹی ایس کے وکلاء عدالت میں حاضر رہیں گے لیکن ابتک ایسا ہو نہیں سکا ہے۔
انہوں نے کہا کہ ابتک اس معاملے میں 19 گواہان اپنے سابقہ بیانات سے منحرف ہوچکے ہیں اور گواہان کے منحرف ہونے کی شکایت اے ٹی ایس چیف اور ہوم منسٹر اور دیگر لوگوں سے کی گئی لیکن ان شکایتوں پر ابھی تک کارروائی نہیں کی گئی اور اگر ایسے ہی چلتا رہا تو بھگوا ملزمین بری ہوجائیں گے، بھگوا ملزمین کو سزا دلانے کے لیئے مہاراشٹر اے ٹی ایس کو پہل کرنا ہوگا۔ انہوں نے مزید کہا کہ خصوصی این آئی اے عدالت سے اے ٹی ایس کی غیر حاضری کا ملزمین اور سرکاری گواہان فائدہ اٹھا رہے ہیں۔
اسی درمیان عدالت کی کارروائی کا اختتام عمل میں آیا جس کے بعد عدالت نے استغاثہ کو حکم دیا کہ کل عدالت میں کسی دوسرے سرکاری گواہ کو پیش کرے۔
ممبئی کی خصوصی این آئی اے عدالت ملزمین سادھوی پرگیہ سنگھ ٹھاکر، میجررمیش اپادھیائے، سمیر کلکرنی، اجئے راہیکر، کرنل پرساد پروہت، سدھاکر دھر دویدی اور سدھاکر چترویدی کے خلاف قائم مقدمہ میں گواہوں کے بیانات کا اندراج کررہی ہے، ابتک 243گواہوں کی گواہی عمل میں ا ٓچکی ہے اور عدالتی کارروائی روز بہ روز کی بنیاد پر جاری ہے۔