بچوں میں دینی شعور پیدا کرنے کے لیے والدین کا دین دار ہونا ضروری ہے: مولانا محمد کامل قاسمی

جامع مسجد سکھیڑا میں ایک روزہ دینی واصلاحی جلسے کا انعقاد

بلگرام (حافظ طریق احمد)
اولاد اللہ تعالی کی بیش بہا نعمت اورقیمتی عطیہ ہے ، یہی وجہ ہے کہ اولاد کے وجود کو والدین کی زندگی میں زینت اور رونق سے تعبیر کیا جاتا ہے مذکورہ خیالات کا اظہار تنظیم دعوت الصدق سیوہارہ بجنور کے نگراں مولانا محمد کامل قاسمی نے گزشتہ شب بعد نماز عشاء جامع مسجد سکھیڑا میں منعقدہ دینی واصلاحی پروگرام میں خطاب کے دوران کیا۔ مولانانے کہا اولاد زینت و کمال کا سبب اسی وقت بنتی ہے جب اسے زیور تعلیم سے آراستہ کیا جائے اور بچپن سے ہی انکی نشو نما کا خیال رکھا جائے ، انکی دینی تربیت کو ضروری سمجھا جائے نیز اسلامی وایمانی ماحول میں انہیں ڈھالائے ، انہوں نے کہا جب کسی کے گھر بچے کی ولادت ہوتی ہے تو وہ بہت خوش ہوجاتا ہے، اسکے ساتھ ہی والدین پر ذمہ داری عائد ہوتی ہے کہ انکی دینی اور اسلامی تربیت کی جائے اور ایسی تعلیم گاہ میں داخل کیا جائے جہاں عقائد کے اعتبار سے بچوں کی تربیت ہوسکے، انہوں نے کہا اولاد کی بہترین تربیت کیلئے ان کو اسلامی تعلیمات ،اخلاقیات اور عقائد کی ضروری معلومات سے آگاہ کرانا ضروری ہے، انہوں نے کہا اولاد کی سب سے پہلی اور اہم تربیت گاہ والدین کی آغوش محبت ہے تعلیمی ادارہ اور استاذ دوسری اہم تربیت گاہ ہے اور تیسری اہم تربیت گاہ معاشرہ اور گردو پیش کا ماحول ہے، انہوں نے کہا اولاد کی اچھی تربیت اور نگہداشت کیلئے والدین کا دیندار ہونا ضروری ہے انہوں نے کہا جہنم سے بچنے کی فکر جس طرح خود کرنی ہے اسی طرح والدین کی ذمہ داری ہے کہ وہ اپنی اولاد کی بچپن ہی سے ایسی تربیت کریں جس سے ان میں دینی شعور پیدا ہو اور زندگی کے میدان میں ایمان وعمل صالح سے انکا رشتہ صرف قائم ہی نہیں بلکہ مضبوط ہو انہوں نے حاضرین سے آپسی اختلافات ختم کرنے کی اپیل کرتے ہوئے کہا متحد ہونا وقت کا اہم تقاضہ ہے اس موقع پر مسجد کےامام حافظ نجم الدین حقی، حافظ محمد احمد حافط، حافظ طریق احمد ،حاجی سلیم الدین، ڈاکٹر محمد نسیم خان، ڈاکٹر عبدالصمداور نجیب احمد بطور خاص موجود رہے۔