سودی قرض میں پھنسے چھوٹے بیوپاریوں کو سود سے راحت فراہم کرنے کے لیے زکوۃ سینٹر انڈیا کا قیام

زکوۃ سینٹر انڈیا ممبئی چیپٹر کے قیام کے بعد منصوبہ و جائزہ کے تحت ایک نشست کا 10 اپریل کو انعقاد

30 مارچ 2022 کو زکوٰۃ سینٹر انڈیا ممبئی چیپٹر کی بنیاد رکھی گئی اور 10 دن میں اس فورم سے منسلک افراد کے ذریعے مختلف سرگرمیاں انجام دی گئیں۔ سرگرمیوں کا جائزہ لینے اور منصوبہ بندی کے حوالے سے مینیجنگ کمیٹی کی ایک میٹنگ منعقد کی گئی جس میں ڈاکٹر وقار انصاری، مبارک کاپڑی ، حافظ اقبال چونا والا، رضوان صدیقی، عزیز الرحمٰن، افضل داوڈ، مفتی اشفاق قاضی، عبد الحسیب بھاٹکر، سلمان شہاب، جعفر خان،ضمیر خان، ہمایوں شیخ وغیرہ نے شرکت کی۔ زکوۃ سینٹر انڈیا کو متعارف کروانے کے سلسلے میں طے کیا گیا کہ چھوٹی کلپس اور شارٹ بائٹس کے ذریعے بات کو پہنچانے کی کوشش کی جائے گی تاکہ اس کے مقاصد کی وضاحت کی جا سکے۔ زکوۃ سینٹر انڈیا ملّتِ اسلامیہ کا فورم ہوگا اور جماعت اسلامی ہند اس میں شامل ہوگی اور اپنے نیٹورک سے اس کی مدد کرے گی۔ زکوۃ سینٹر انڈیا کا سب سے اہم مقصد پسماندہ طبقات کے چھوٹے کاروباری لوگوں کو جو سود کے چکّر میں پھنس کر مستقل قرض دار بن جاتے ہیں اور کسی وجہ سے قرض کو نہ لوٹا پانے کے باعث قرض کے اس سودی نظام سے باہر نکل ہی نہیں پاتے اُنہیں اس قرض کی لعنت سے نکالنا ہے۔ یہی لوگ جو آج قرض دار بنے ہوئے ہیں وہ اپنے کاروبار کو مستحکم کر سکیں تاکہ اس سے ملّت کی بھی شیرازہ بندی ہوسکے اور آج جو زکوۃ لینے والے ہیں آنے والے وقت میں زکوۃ دینے والے بن سکیں۔
زکوۃ سینٹر انڈیا ممبئی کے صدر مفتی اشفاق قاضی نے کہا کہ زکوٰۃ سینٹر انڈیا کی اخبارات میں اشتہارات دینے اور اس کی کارکردگی کی رپورٹ بھیجنے کی بہت زیادہ ضرورت ہے اور سوشل میڈیا کے ذریعے بھی ہر ایک شخص تک زکوۃ سینٹر انڈیا کے اکاؤنٹ اور دیگر تفصیلات پتہ ہوسکے اور سہولیات فراہم کی جائیں۔ اقبال چوناوالا اور کمیٹی کے رکن ڈاکٹر وقار انصاری نے بھی ہر ممکن تعاون کی یقین دہانی کروائی۔ مبارک كاپڑی نے کہا کہ ممبئی کے خیر خواہ اور صاحبِ خیر حضرات تک بات کو پہنچانے کی مستقل کوشش جاری ہے اور مستقبل میں مثبت نتائج کی اُمید ہے۔ افضل داوڈ نے بھی اِس اہم ترین کاز میں خدمات فراہم کرنے کی بات کی اور اس کے علاوہ مزید لوگوں تک تشہیر کی کوشش کے متعلق بتایا۔ اس بار 60 لاکھ روپے کا ٹارگٹ رکھا گیا ہے تاکہ ایک سال میں 200-250 افراد تک قرضِ حسنہ کے ذریعے مدد کی کوشش کی جاسکے۔ عبد الحسیب بھا ٹکر نے کہا کہ اس کام کے لیے شہر کے کئی مخیر حضرات سے ملاقاتیں کی گئیں اور انہوں نے بھی تعاون کرنے کا وعدہ کیا ہے۔ مزید یہ کہ ہم ملّت سے بھی اپیل کرتے ہیں چونکہ یہ سینٹر ملک بھر میں 20 شہروں میں قائم کیا جا رہا ہے اور ممبئی بھی اُسکا ایک حصہ ہے لہٰذا اہلِ خیر حضرات زیادہ سے زیادہ تعاون کرکے اس اہم پروجیکٹ میں حصہ لے کر بھرپور تعاون کریں۔
صدرِ مجلس اور ممبئی چیپٹر کے ذمہ دار مفتی اشفاق نے تمام مسلمانوں سے اپیل کرتے ہوئے کہا کہ زیادہ سے زیادہ لوگ اس اہم پروجیکٹ میں شامل ہوں اِس کی تقسیم کے حوالے سے مطلع کیا کہ رمضان المبارک کے بعد مستحقین کی تحقیق کرکے اُنکی مدد کی جائے گی۔ رضوان صدیقی نے بھی اس اہم پروجیکٹ کے تحت اپنی جانب سے مستعدی کا مظاہرہ کیا۔مفتی اشفاق قاضی کی دعا پر نشست کا اختتام ہوا۔