- ضلعی جمعیتہ اپنے جملہ حلقہ جات میں بارہ پروگرام بعنوان ،،اصلاح معاشرہ،، منعقد کرے گی۔ جمیل اختر قاسمی
مدرسہ زینت القرآن ویلکم نئی دہلی میں جمعیتہ علماء ضلع شمال مشرقی دہلی کی مجلس عاملہ منعقد ہوئی جس کی صدارت الحاج محمد سلیم رحمانی نے فرمائی اور نظامت کے فرائض مولانا جمیل اختر قاسمی نے انجام دئیے، مجلس کا آغاز مفتی محمد فاروق قاسمی گنگوہی کی تلاوت کلام اللہ اور سید مفتی محمد اسلم قاسمی کی نعت شریف سے ہوا ۔
ناظم مجلس نے اپنی نظامت کی شروعات کرتے ہوئے کہا کہ جیسا کہ ہم سب کو معلوم ہے کہ گذشتہ چند روز قبل کل ہند ناظم اصلاح معاشرہ جمعیتہ علماء ہند حضرت مولانا سید ازہر مدنی صاحب دامت برکاتہم نے جمعیتہ دفتر (آئی ٹی او) پر دہلی جمعیتہ کے صوبائی ، ضلعی اور مقامی عہدیداران کو مدعو کیا تھا جس میں جانشین شیخ الاسلام ، امیر الہند حضرت مولانا سید ارشد مدنی صاحب دامت برکاتہم العالی (صدر جمعیتہ علماء ہند) نے بطور خاص شرکت فرمائی تھی اور تاکید کے ساتھ فرمایا تھا کہ جمعیتہ علماء کے خدام اپنے اپنے علاقے میں اصلاح معاشرہ کی محنت کریں ، حضرت دامت برکاتہم نے مزید فرمایا تھا کہ امر بالمعروف اور نہی عن المنکر کی محنت صحیح معنیٰ میں علماء ہی کرسکتے ہیں کیوں کہ علماء ہی دین اور اسلام کی صحیح معلوما ت رکھتے ہیں ، مزید برآں ناظم اصلاح معاشرہ دامت برکاتہم نے ابھی گذشتہ دنوں جمعیتہ علماء ہند کے لیٹر پیڈ پر ایک سرکلر بھی جاری کیا ہے جس میں معاشر ہ کی بگڑتی صورت حال کے پیش نظر اصلاح معاشرہ کی محنت پر زور دیا گیا ہے اور کہا گیا ہے کہ اصلاح معاشرہ جمعیتہ علما ء ہند کی ریڑھ کی ہڈی کی طرح ہے اور اس کو ایک نظام کے تحت چلانا اس وقت کا سب سے بڑا تقاضا ہے ، نظام کے تعلق سے حضرت موصوف نے لکھا ہے کہ خدام جمعیتہ اپنے اپنے علاقے میں مسجد وار اصلاح معاشرہ کمیٹی تشکیل دیں ، پھر یہ کمیٹیاں اپنے اپنے علاقے میں پھیلی برائیوں کو سامنے رکھتے ہوئے غور و فکر کے بعد ان کے سد باب کی تدابیر کریں ، علاوہ ازیں ہماری صوبائی جمعیتہ کے ذمہ داران جناب حضرت مولانا محمد مسلم صاحب القاسمی اور مفتی عبدالرازق صاحب مظاہری نے بھی جمعیتہ علماء صوبہ دہلی کے پلیٹ فارم سے ہم سب خدام جمعیتہ علماء ضلع کو ہدایات دیتے ہوئے اس بات کا مکلف بنایا ہے کہ ہم عوام الناس کے مابین اصلاح معاشرہ کی محنت کو تحریک دیں اور اپنے جملہ حلقہ جات کو بھی اس محنت میں شامل کریں ۔
لہذا ہم تمام ارکان و ذمہ داران و عہدیداران جمعیتہ علماء ضلع شمال مشرقی دہلی مع جملہ حلقہ جات کو چاہئے کہ اپنے اکابرین کے تقاضوں کی تکمیل اور موجودہ حالات کی حساسیت کو سمجھتے ہوئے اصلاح معاشرہ کے عنوان پر محنت کرنے کے لئے کمر بستہ ہوجائیں اور اپنے ضلع کے تمام حلقوں میں مسجد در مسجد بلکہ گھر در گھر اصلاح معاشرہ کے پیغام کوپہونچائیں ۔
ناظم مجلس کی ان تمام باتوں کو شرکائے مجلس نے بغور سنا اور مذکورہ عنوان پر معیاری محنت کو انجام دینے کے تناظر میں اپنی اپنی رائے پیش کیں ، کئی عارضے اور معقول سوالات بھی سامنے آئے جو امر بالمعروف اور نہی عن المنکر کی محنت کرنے میں رکاوٹ کی مانند تھے ۔ تمام شرکائے مجلس نے ان پر غور و خوض کیا مگر کوئی مثبت نتیجہ نہ نکل سکا اور مجلس معطل ہوگئی ، پھر حضرت مفتی عبدالرازق صاحب مظاہری (ناظم اعلیٰ جمعیتہ علماء صوبہ دہلی) سے ضلعی جمعیتہ کے ایک وفد نے رابطہ کیا اور ان سوالات کا تسلی بخش حل مل جانے کے بعد دوبارہ مجلس عاملہ منعقد ہوئی جس میں ناظم مجلس کے ذریعہ تمام شرکائے مجلس کو بتایا گیا کہ جو سوالات اور عارضے گذشتہ میٹنگ میں سامنے آئے تھے الحمد للہ ان کا حل تلاش کرلیا گیا ہے ، تمام شرکاء نے ناظم مجلس کی اس وضاحت پر اطمنان کا اظہار کیا اور کہا کہ اصلاح معاشرہ کے عنوان پر جو بھی تقاضا ہمارے سامنے آئے گا ہم سب اس کو پورا کریں گے۔ ان شاءاللہ تعالیٰ
ان تمام باتوں کو مد نظر رکھتے ہوئے جمعیتہ علماء ضلع شمال مشرقی دہلی نے اپنے جملہ حلقہ جات میں بارہ بڑے پروگرام بعنوان ”اصلاح معاشرہ“ منعقد کرنے کا فیصلہ کیا ہے جس کی ترتیب اور خاکہ تیار ہورہا ہے نیز معاشر ہ میں بڑھتی برائیاں اور ان کے حل کے تناظر میں تحریری مضمون تیار کرکے اس کو پمفلٹ کی شکل میں گھر گھر پہنچانے کابھی عزم کیا ہے ، مزید آپ تمام جملہ حلقہ جات کے ذمہ داران سے مودبانہ درخواست ہے کہ آپ بھی اپنے اپنے حلقے کی نوعیت کو سامنے رکھتے ہوئے اصلاح معاشرہ کی محنت کو ترتیب دیں ، اخیر میں مولانا محمد ارشاد صاحب قاسمی (صدر حلقہ مصطفی آباد) کی دعا پر مجلس کا اختتام ہوا ۔
اہم شرکاء میں مفتی محمد گلزار دہلوی سیماپوری ، قاری فضل الرحمن سیلم پور ، مفتی محمد ابصارقاسمی کبیرنگر ، قاری خورشید عالم کبیرنگر ، مولانا سرتاج عالم قاسمی بابر پور ، مفتی خیر محمد قاسمی نورالہی ، مفتی مظفر حسین جامعی سندرنگری ، قاری محمد انیس قاسمی کھجوری ، مولانا محمد افضال قاسمی کھجوری ، مولانا محمد انور قاسمی گوکل پوری ، مولانا محمد طالب قاسمی گھونڈہ ، حاجی محمد سرور ویلکم ، مفتی نسیم احمد قاسمی منڈولی ، مفتی محمد دلشاد قاسمی وجے پارک ، مولانا عطاء الرحمن قاسمی کردم پوری ، محمد اسلم منڈولی ، مفتی معین الدین قاسمی سندرنگری وغیرہ کے نام قابل ذکر ہیں ۔