ترکیہ (سابق نام ترکی) سے ہندوستانی مسلمانوں اور عالم اسلام کا بڑا گہرا تعلق رہا ہے ، یہاں کی خلافت عثمانیہ سولہویں اور سترہویں صدی میں دنیا کی سب سے بڑی سیاسی قوت تھی ، چھ سو اکتیس (631)سال تک قائم اس حکومت کے زوال کا آغاز پہلی جنگ عظیم سے ہوا، جب اس نے جرمنی کا ساتھ دیا اور شکست کھانے کے بعد سیورے معاہدہ کے مطابق فاتح اتحادی قوتوں نے اسے ٹکڑے ٹکڑے کر کے تقسیم کر دیا ، 19؍ مئی 1919ء کو اس جارحیت کے خلاف ترکوں نے مصطفیٰ کمال پاشا کی قیادت میں تحریک آزادی کا اعلان کیا اور 18؍ ستمبر 1922ء کو غیر ملکی افواج سے ملک کو خالی کرالیا گیا اور جمہوریہ ترکی کے نام سے ایک نئی ریاست تشکیل پائی ، یکم نومبر 1922ء کو ترکی کی مجلس پارلیمان نے خلافت کا خاتمہ کر دیا ، جس کی وجہ سے پوری دنیا کے مسلمانوں میں اضطراب اور بے چینی پیدا ہوئی، ہندوستان میں خلافت کے احیاء کے لیے تحریک چلائی گئی ، جو تاریخ میں خلافت تحریک کے نام سے موسوم ہے اور جنگ آزادی کی تحریک کے بعد ہندوستان کی سب سے بڑی تحریک سمجھی جاتی ہے ۔
مصطفی کمال پاشا اپنی سیاسی حصولیابی کے طفیل اتاترک (ترکوں کا باپ) بن بیٹھا ، اس نے ملک میں اصلاحات کا سلسلہ شروع کیا اور مذہبی تشخص کے خاتمہ کی جتنی کوششیں ہو سکتی تھیں، کر ڈالیں ، اس نے عربی پر پابندی لگایا ، ترکی زبان کے رسم الخط کو بھی عربی سے لاطینی کی طرف منتقل کر دیا اور ملک میں لا دینی حکومت کے قیام کا اعلان کر دیا ، 1938ء میں مصطفی کمال پاشا کے انتقال کے بعد ان کے نائب عصمت انونو بھی اسی کے نقش قدم پر چلتے رہے اور اصلاح کا عمل جاری رکھا ۔
ترکی کے آئین کے مطابق’’ مسلح افواج ترک آئین وسلامتی کی محافظ ہے‘‘ ، اس جملے کا سہارا لے کر فوج نے متعدد بار جمہوری حکومتوں کا تختہ الٹ کر اقتدار پر قبضہ کر لیا ، سب سے بڑی بغاوت 1960ء میں وزیر اعظم عدنان میندرس کے خلاف ہوئی تھی ، عدنان کا قصور یہ تھا کہ اس نے اپنی اصلاحات کے ذریعہ ترکوں کوسیکولرزم کے نئے معنی ومفاہیم سے آشنا کیا اور مذہب اسلام پر مصطفی کمال پاشا کے ذریعہ لگائی گئی پابندیوں کے اختتام کا اعلان کیا ، فوج کو یہ گوارہ نہیں ہوا، اور عدنان کا تختہ پلٹ کر فوج نے اسے تختہ دار پر چڑھا دیا۔
1980ء میں مخلوط حکومت کے خلاف فوج نے پھر بغاوت کی اور اقتدار پر قبضہ کرکے ہزاروں مخالفین کو قید کر لیا اور کئی کو سزائے موت دی گئی ، لیکن جلد ہی عوام کے رخ کو دیکھ کر ترکی میں نیا آئین 1982ء میں نافذ ہوا ، لیکن فوج اقتدار پر قابض رہی ، بالآخر 1989ء میں طور غوث اوزال صدر بنے اور فوج اپنے بیرکوں میں واپس گئی ، اوزال نے انتہائی تدبر اور فراست کے ساتھ ترکی کی گرتی ہوئی معیشت کو نئے خطوط پر استوار کیا ، معاشی اصلاحات کی وجہ سے عالمی برادری میں ترکی کا وزن بڑھا ، مئی 1993ء میں ان کے انتقال کے بعد سلیمان دیمرل صدر منتخب ہوئے اور جون 1993ء میں راہ حق پارٹی کی جانب سے پہلی خاتون وزر اعظم تانسو چیرل نے کام شروع کیا ، ملک تھوڑی بہت تبدیلی کے ساتھ چلتا رہا ، 1995ء کے انتخاب میں پہلی بار اسلامی افکار ونظریات کے لیے مشہور رفاہ عام پارٹی ترکی میں سب سے بڑی پارٹی بن کر ابھری اور نجم الدین اربکان وزیر اعظم بنے، لیکن وہاں کی قومی سلامتی کونسل سے ان کے اختلافات ہوئے، کیونکہ دونوں دو،سِرے پر تھے، اربکان اسلامی نظریات واقدار کو ملک میں رائج کرنا چاہتے تھے جب کہ کونسل ترکی کے لا دینی نظام اور مغربی افکار ونظریات کو فروغ دینا چاہتی تھی ، اسے خطرہ تھا کہ کہیں ملک اسلامی راہ پر نہ چل پڑے ؛چنانچہ اس نے اربکان پر مستعفی ہونے کے لیے دبا ؤ بنایا، اربکان اس دباؤ کا مقابلہ نہیں کر سکے اور انہیں نہ صرف استعفا دینا پڑا بلکہ ان پر کونسل نے پوری زندگی سیاست میں حصہ لینے پر پابندی لگادی ، اس کے بعد کئی اتار چڑھاؤ آئے، جس کے نتیجے میں بلند ایجوت وزیر اعظم بنے اور 5؍ مئی 2000ء کو ترکی عدالت عالیہ کے سابق سر براہ احمد نجدات صدر منتخب ہوئے، اور 16؍ مئی کو صدارتی عہدے کا حلف لے کر صدارتی محل میں قیام پذیر ہوئے، یہ صدارتی محل انقرہ کے مضافات میں ایک پہاڑی پر واقع ہے ایک ہزار کمروں پر مشتمل یہ محل امریکہ کے وہائٹ ہاؤس اور روس کے کریملن سے کافی بڑا ہے ، اکسٹھ کڑوڑ پچاس لاکھ ڈالر سے زائد اس کی تعمیر پر خرچ ہوئے تھے یہ صدارتی محل ترکی کی شان ، آن بان کا تاریخی طور پر شاہد ہے ۔
موجودہ صدر رجب طیب اردوگان جنہوں نے تیسری بار صدارتی انتخاب میں فتح حاصل کی ہے، اپنے اسلامی خیالات کے لیے مشہور ہیں ، ان کی ایک مشہور نظم ہے جس میں انہوں نے کہا ہے کہ مسجدیں ہماری چھاؤنیاں ہیں ، گنبد ہمارے خود (سر کی حفاظت کر نے والا لوہے کا ٹوپ) میناریں ہماری سنگینیں اور مؤمن ہمارے سپاہی ہیں، اردوگان 1954ء میں بحر اسود کے ساحلی علاقے میں ایک گارڈ کے گھر پیدا ہوئے، بعد میں اپنے والد کے ساتھ نقل مکانی کرکے استنبول آئے، معاشی طور پر خود کفیل ہونے کے لیے انہوں نے روغنی روٹیاں فروخت کیں ، مدرسہ میں تعلیم حاصل کی ، فٹ بال کے پیشہ ور کھلاڑی رہے ، مرمر یونیورسٹی استنبول سے منیجمنٹ کی ڈگری حاصل کی ، زمانہ طالب علمی میں نجم الدین اربکان کے قریب آئے ، ان کے خیالات سے متاثر ہوئے، 1994ء میں استنبول کے میر(Mayor) بنے اور پورے شہر کو لالہ زار بنا دیا ، پیڑ پودے اور ہریالی سے یہ شہر سج سنور گیا ، لیکن 1999ء میں ان پر مذہبی بنیادوں پر اشتعال انگیزی کا الزام لگا کر قید میں ڈال دیا گیا، جہاں انہیں چار ماہ گذارنے پڑے ، اس سزا کے بعد انہوں نے سیاست میں اپنی پکڑ مضبوط کی ، عوام ان کے لیے فرش راہ ہوئی اور بالآخ
ر اے کے پی کے اقتدار میں آنے کے بعد پہلے 2003ء میں وزیر اعظم اور پھر 2014ء میں صدر کے منصب پر فائز ہوئے ،فوج نے ایک بار بغاوت کی جسے عوام نے کچل کر رکھ دیا، یہ اردگان کی مقبولیت کی انتہا تھی، انہوں نے ناٹو کے رکن ہونے کے باوجود اسلامی اصلاحات کی اپنی کوششیں جاری رکھیں ، اس کوشش کے نتیجے میں ملک میں جو ماحول بنا، اس کی وجہ سے معاشی ترقی ہوئی ، روزگار کے نئے مواقع فراہم ہوئے، ملک سے قرض کا بوجھ کم ہوا، 24 نئے ایئرپورٹ بنائے گیے اب ان کی تعداد پچاس ہوگئی ہے ، ہزاروں کلو میٹر نئی سڑکیں اور ہائی اسپیڈ ریلوے لائن بچھائی گئی ، صحت کے محکمہ پر توجہ دی گئی اور غریب عوام کے لیے مفت طبی مراکز بنائے گیے ، بجٹ کا بڑا حصہ تعلیم کے لیے مختص کیاگیا ، یونیورسیٹیوں کی تعداد بڑھائی گئی ،ترک کرنسی لیرا کی قدر و قیمت میں غیر معمولی اضافہ ہوا، یہ وہ وجوہات ہیں ، جس نے صدر رجب طیب اردوگان کو ملک میں مقبول بنا رکھا ہے ، اس مقبولیت کا نتیجہ ہے کہ وہ تیسری بار صدارت کے با وقار منصب پر فائز ہوئے ہیں، ان کی مقبولیت کو لوگ ان کی دہشت سے تعبیر کرتے ہیں ، غیر ملکی میڈیا انہیں تانا شاہ اور ڈکٹیٹر باور کرانا چاہتا ہے، جو ان کے دل کے پھپھولے ہیں، تانا شاہ اور ڈکٹیٹر اتنا مقبول و محبوب نہیں ہوتا کہ مغربی قوتوں کی سخت ترین مخالفت کے باوجود تیسری بار فتح حاصل کرلے۔
ازقلم: مفتی محمد ثناء الہدیٰ قاسمی، نائب ناظم امارت شرعیہ پھلواری شریف پٹنہ