ممبئی 21؍اگست
جمعیۃ علماء مہاراشٹر کے دفتر میں جمعیۃ علماء ھند کے ناظم عمومی حضرت مولانا مفتی سید معصوم ثاقب صاحب نے الحاج مرحوم گلزار احمد اعظمی کی شوشل زندگی پر روشنی ڈالی اور دعا کرائی۔
واضح رہے کہ حضرت مولانا مفتی سید معصوم ثاقب صاحب گلزار احمد اعظمی ؒ کے جنازے میں شرکت کیلئے مولانا سید ارشد مدنی مدظلہ صدر جمعیۃ علماء ھند کے حکم پر میوات (ہریانہ) کا دورہ نا مکمل چھوڑ کر فوری طور پر ممبئی پہونچے تھے۔
گلزار احمد اعظمی ؒ کے ورثہ کی خواہش پر انہی نے نماز جنازہ پڑھائی، گلزار احمد اعظمی ؒ نے جس گلی میں اپنی زندگی کے تقریباً نوے سال بسر کئے، اسی مقام پر نماز جنازہ ساڑھے نو بجے شب میں ادا کی گئی جس میں انسانی سروں کا ہجوم نظر آرہا تھا، تقریباً ساڑھے دس بجے مرین لائنس (بڑا قبرستان) میں تدفین عمل میں آئی۔
جمعیۃ علماء مہاراشٹر کے جنرل سیکرٹری مولانا حلیم اللہ صاحب قاسمی نے الحاج گلزار احمد اعظمی رحمۃ اللہ علیہ کو خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا کہ مرحوم جمعیۃ علماء کے سر کا تاج تھے، یہ دعائیہ مجلس فوری طور پر منعقد کی گئی ہے اور جلد ہی دو تین دن کے اندر مرحوم کی شخصیت اور ان کے کارناموں کو یاد کرنے کے لئے ایک عوامی تعزیتی اجلاس بلایا جائے گا۔
مولانا محمد اسلم قاسمی کی تلاوت سے اس دعائیہ مجلس کا آغاز ہوا۔