- ٹھاکر گنج میں تکمیل حفظ قرآن کے موقع پر دعائیہ مجلس کا انعقاد،قرآن کے مطابق زندگی گزارے بغیر کامیابی کا تصور ناممکن ہے: مولاناجعفر مسعود حسنی ندوی
لکھنؤ: (پریس ریلیز)
قرآن مقدس اللہ تعالیٰ کی وہ کتاب ہے، جس کے نازل ہوتے ہی تمام آسمانی کتابیں منسوخ ہوگئیں۔ آج کوئی بھی آسمانی کتابیں محفوظ نہیں ہیں، اس میں لوگوں نے اپنے مطلب کے حساب سے اس میں ترمیم وتحریف کردی، مگر صرف قرآن مجید ہی وہ واحد کتاب ہے جو ۱۴۰۰؍برس گزرنے کے بعد بھی مکمل طور سے محفوظ ہے،یہ اعزاز صرف قرآن کریم کو حاصل ہے۔ یہ باتیںمدرسہ عالیہ عرفانیہ لکھنؤ کے موقر استاذ مولانا شیر افگن ندوی نے مولانا ساجد حسین ندوی کے بیٹے عبدالرحمٰن ساجد کی تکمیل حفظ قرآن کے موقع پر ہزارا باغ ٹھاکر گنج میں واقع خود ان کی رہائش گاہ پر منعقد دعائیہ مجلس سے خطاب کرتے ہوئے کہیں۔انہوں نے کہا کہ قرآن کریم کی حفاظت خود اللہ تعالیٰ نے لی ہے اور اللہ تعالیٰ نے محفوظ رکھنے کا ذریعہ انسانوں کو بنایا ہے، پوری دنیا میں جتنے حفاظ کرام موجود ہیں، وہ سب قرآن کی حفاظت کرنے والے ہیں، اسی لیے انہیں حافظ قرآن کہا جاتا ہے۔
دارالعلوم ندۃ العلماء لکھنؤ کے ناظر عام مولانا سید جعفر مسعود حسنی ندوی نے کہا کہ قرآن کریم کا حفظ کرنا کوئی معمولی بات نہیں ہے،یہ محض اللہ تعالیٰ کا فضل اور اس کا احسان ہے کہ محض بارہ سال کی عمر میں اس چھوٹے سے بچے نے قرآن کریم کو محفوظ کرلیا۔انہوںنے کہا کہ قرآن کریم کے مطابق زندگی گزارے بغیر کامیابی کا تصور ناممکن ہے۔ قرآن کریم دستورحیات اور دستور زندگی ہے،اگر ہم قرآن کے مطابق زندگی گزاریں گےتو ہماری دنیا اور آخرت دونوں کا میاب ہوجائے گی ۔انہوں نے کہا کہ میں حفظ مکمل کرنے والے حافظ عبدالرحمٰن ساجد اور اس کے والدین کو مبارکبا پیش کرتا ہوں اور دعاء کرتاہوں کہ اللہ تعالیٰ انہیں دین ودنیا کی کامیابی ور قرآن کے مطابق زندگی گزار نے کی توفیق نصیب فرمائے۔اس موقع پر مدرسہ عالیہ عرفانیہ کے مہتمم قاری امتیاز احمد پرتاب گڑھی، مولانا امتیاز ندوی، مولانا رحمت اللہ ندوی، قاری نثار احمد قاسمی ودیگر علمائے کرام نے بھی خطاب کیا۔ اس موقع پر مولانا دلاور حسین یقین فیض آبادی نے نعت ومنقبت پیش کرکے لوگوں کو محظوظ کیا۔
واضح رہے کہ مدرسہ عالیہ عرفانیہ لکھنؤکے استاذ مولانا ساجدحسین ندوی کے صاحبزادہ عبدالرحمٰن ساجدنے اسکول کی تعلیم کے ساتھ خارج اوقات میں قاری اسعد رحمانی کی نگرانی میں محض ۱۲؍سال کی عمر میں قرآن کریم حفظ مکمل کیا ہے، جو قابل تعریف اور قابل تقلید بھی ہے۔مجلس میں حفظ کرنے والے طالب علم حافظ قرآن کی دستار بھی باندھی گئی اور ان کے استاذ قاری اسعد رحمانی کی گلپوشی کرکے نقدروپے اور دیگر تحائف پیش کیے گئے۔
دعائیہ مجلس میں ماسٹر جاوید صدیقی، اعجاز احمد پرتاب گڑھی، قاری ہارون تجویدی، قاری تصدق، مفتی شمس الدین قاسمی،قاری بدرالدجیٰ، مولانا عبدالحلیم قاسمی، انجینئر عرفان احمد کے علاوہ بڑی تعداد میں معززین شریک تھے۔