خالد انور انصاری کی رحلت سے ہر سو غم کی لہر

عبدالسلام انصاری، سلیم پرویز، ارشد فیروز، محمد رفیع وغیرہ نے پیش کی تعزیت

پٹنہ، 3/ ستمبر، عظیم مجاہد آزادی و عبدالقیوم انصاری کے صاحبزادہ، سابق وزیر حکومت بہار خالد انور انصاری کی رحلت سے پسماندہ طبقہ نے ایک مضبوط رہنما و قائد کھو دیا۔ مرحوم بہت ہی نیک دل، خوش مزاج اور ہردلعزیز رہنما تھے۔ یہ باتیں خالد انور انصاری کی رحلت پر تعزیت پیش کرتے ہوئے بہار اسٹیٹ مدرسہ ایجوکیشن بورڈ پٹنہ کے سابق چیئرمین و ڈپٹی ڈائریکٹر سیکنڈری ایجوکیشن بہار جناب عبدالسلام انصاری نے کہی۔ معلوم ہو کہ خالد انور انصاری لمبی بیماری کے بعد آج اس دنیا سے دارفانی کو کوچ کر گئے۔ خالد انور انصاری کے انتقال پر ملال پر سابق اسپیکر قانون ساز اسمبلی بہار جناب سلیم پرویز نے بھی گہرے صدمہ کا اظہار کیا اور کہا کہ وہ ایک نیک دل انسان تھے اور ان کی رحلت بہار کا سیاسی خسارہ ہے۔ انہوں نے اللہ تعالیٰ کی بارگاہ میں مرحوم کی مغفرت کے لئے دعا کی اور کہا کہ اللہ ربّ العزت پسماندگان کو صبر جمیل عطا فرمائے۔ گورنمنٹ اردو لائیبریری پٹنہ کے صدر جناب ارشد فیروز نے بھی گہرے افسوس کا اظہار کیا اور کہا کہ مرحوم بہار پسماندہ مسلمانوں کی آواز تھے۔ خالد انور انصاری کی رحلت کی خبر آگ کی طرح پھیل گئی اور ہر جانب لوگ غم زدہ ہو گئے۔ سماجی، سیاسی و ملی تنظیموں و رہنماؤں نے اس موقع پر تعظیم پیش کی ہے۔ وزیر تعلیم بہار کے او ایس ڈی اشتیاق احمد اجمل، سابق ڈی ایس پی معین انصاری، قومی اساتذہ تنظیم بہار کے ریاستی کنوینر و آزاد صحافی محمد رفیع، شکیل الرّحمٰن منا، نثار احمد، مالک انصاری، سابق ضلع پارشد محمد رضوان، محمد عظیم الدین انصاری حاجی پور، ڈاکٹر عظیم الدین، کلیم اشرف، محمد اسلام عرف منا انصاری، قومی اساتذہ تنظیم بہار کی ریاستی مجلس عاملہ کے رکن محمد رضوان، ڈاکٹر قیام الدین، مکھیا معصوم علی، ڈاکٹر خالد انور، محمد حامد اور محمد اشفاق وغیرہ نے مرحوم کی رحلت پر تعزیت پیش کی ہے اور دعا کی ہے کہ اللہ تعالیٰ مرحوم کی مغفرت فرمائے، جنت الفردوس میں اعلی مقام عطا فرمائے اور پسماندگان کو صبر جمیل عطا فرمائے آمین۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے